سزایافتہ پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی
جلالۃ السلطان ھیثم بن طارق المعظم، جو سلطنت عمان کے فرماں روا ہیں، نے 8 اپریل 2020 کو 146 سزایافتہ پاکستانی قیدیوں کیلئے عام معافی کا اعلان کیا ہے۔ سلطنتِ عمان کی وزراتِ محنت اور افرادی قوت اور عمان پولیس نے 197 پاکستانی شہریوں کو عمان میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے اور مقامی لیبر قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں گرفتار کیا تھا۔ کل ملا کر 343 سزایافتہ زیرِ حراست پاکستانی قیدیوں کی فوری وطن واپسی ضروری ہے۔
کورونا وباء کے پیشِ نظر اور پاکستان اور عمان کے مابین نہایت ارفع برادرانہ اور خوشگوار باہمی تعلقات کے تناظر میں جلالۃ السلطان المعظم کی حکومت نے سلام ائیر کی دو خصوصی پروازوں کے ذریعے ان قیدیوں کی وطن واپسی کے احکامات جاری فرمائے ہیں۔ یہ مخصوص پروازیں صرف پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کیلئے مختص ہیں۔ جبکہ عام مسافروں کو اس میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
سفارتخانہ پاکستان نے ان پاکستانی شہریوں کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ جو سلطنتِ عمان میں وزٹ یا رہائشی ویزے کے حامل ہیں۔ اور وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔ پہلے مرحلے میں ایسے پاکستانی شہریوں کو
PIA
کی مسافر پرواز سے روانہ کیا جائے گا جنکے وزٹ ویزے کی تاریخ میعاد گزر چکی ہے۔ اور یہ اسوقت ہی ممکن ہو سکے گا جب سلطنتِ عمان کی فضائی حدود ایسی مسافر پروازوں کیلئے کھول دی جائیگی۔ بعدمیں وہ پاکستانی شہری جنکے پاس سلطنتِ عمان کے رہائشی ویزے ہیں۔ انہیں
PIA
کی مسافر پرواز سے وطن روانہ کیا جائے گا۔
اس ضمن میں سفارتخانہ پاکستان متعلقہ حکام کے تعاون سے ان مسافرپروازوں کے انتظام و انصرام میں کوشاں ہے۔ عمانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی منظوری کے فوری بعد
PIA
کی مسافروں کیلئے مخصوص پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہوجائیگا جو پاکستان کے مختلف شہروں کی جانب پرواز کریں گی۔
سفارتخانہ پاکستان ان تمام پاکستانی شہریوں کا مشکور و ممنون ہے جنہوں نے وطن واپسی کیلئے سفارتخانہ میں بروقت اندراج کروایا ہے۔ سفارتخانہ وطن واپسی کے خواہشمند ان تمام پاکستانی شہریوں سے استدعا کرتا ہے جنہوں نے بروقت اندراج کروایا کہ براہِ کرم صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں تاکہ سفارتخانہ تمام معزز پاکستانی شہریوں کو وطن واپسی کے انتظامات بطریق احسن ادا کرنے میں سرخرو ہو۔
آپ اس امر سے بخوبی آگاہ ہیں کہ دینائے عالم کو اس وقت کورونا وائرس کے ایک انتہائی اہم چیلینج کا سامنا ہے۔ جس نے خطہ ارضی کے کم وبیش 20 لاکھ افراد کو متاثر کیا ہے۔ سلطنتِ عمان کی سپریم کمیٹی نے کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے تدارک کے ضمن میں حفاظتی اقدامات کا ایک لائحہ عمل مرتب کیا ہے۔ سلطنتِ عمان میں مقیم پاکستانی شہریوں سے گزراش ہے کہ اپنے اپنے گھروں کے اندر بحفاظت قیام کریں اور حکومتِ عمان کی ہدایات پر سختی سے عمل پیراء ہوں۔
سفارتخانہ پاکستان، مسقط 13 April 2020