وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت خارجہ امور کے لئے مشاورتی کونسل کی چودھویں نشست آج دفتر خارجہ میں منعقد ہوئی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی ڈویژن اور سٹرٹیجک پالیسی پلاننگ معید یوسف، خارجہ امور کے لئے پارلیمانی سیکریٹری عندلیب عباس، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کے علاوہ کونسل کے دیگر ارکان سابق خارجہ سیکریٹریز، ممتاز ماہرین تعلیم ومحققین، مختلف وزارتوں کے نمائندوں اور وزارت خارجہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
کونسل نے علاقائی و عالمی سطح پر ہونے والی پیش ہائے رفت خاص طورپر مشرق وسطی کے حوالے سے مضمرات پر غور وخوض کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت خارجہ امور کے لئے مشاورتی کونسل ان مختلف امور اورپیش ہائے رفت پر محققین اور غیرجانبدار ماہرین کی آرا حاصل کرتی ہے جن کے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور خارجہ تعلقات کے حوالے سے ممکنہ اثرات ہوتے ہیں۔ اب تک کونسل کے 14 اجلاس ہوچکے ہیں۔