پریس ریلیز|

چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر صدر ڈاکٹر عارف علوی 16 اور 17 مارچ کو چین کا دورہ کریں گے۔ وزیر خارجہ، وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات کے علاوہ اعلی حکام بھی دورے میں صدرمملکت کے ہمراہ ہوں گے۔ 
 
صدر اپنے چینی ہم منصب شی جی پنگ اور دیگر اعلی چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ مفاہمت کی متعدد یاداشتوں پر دستخطوں کا بھی امکان ہے۔
 
یہ صدرمملکت کا چین کا پہلا دورہ ہے جس کا بنیادی مقصد چین کے عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی یک جہتی کا اظہار کرنا ہے جنہوں نے کورونا کی وباءسے نمٹنے، اس پر قابو پانے اورعوام کے علاج معالجے کے لئے بھرپور عزم و ہمت سے شبانہ روز کوششیں کی ہیں۔ 
 
دورے سے ”آئرن برادرز“ کے درمیان تاریخی رشتے، اعتماد اور باہمی حمایت کو مزید تقویت ملے گی۔ دونوں ممالک کی قیادت میں ملاقات سے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کرنے ، خطے اور دنیا میں امن وسلامتی اور ترقی وخوشحالی کے مشترکہ اہداف پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کا موقع میسرآئے گا۔ 
 
پاکستان اور چین دو قریبی ترین دوست اور شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک میں ”آزمودہ سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ“ استوار ہے۔ وقت کی ہر کسوٹی پر پورا اترنے والی یہ دوستی بے مثال باہمی اعتماد، خیالات کی ہم آہنگی اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت چین پاکستان کمیونٹی میں قربت کی تعمیر سے مشترکہ مستقبل کا نیا دور شروع کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ 
112/2020
Close Search Window