پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
360/2020
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے سعودی سفیر نواف بن سعید احمدالمالکی کی ملاقات 
 
اسلام آباد: مورخہ یکم ستمبر 2020
 
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمدالمالکی نے خیرسگالی ملاقات کی۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے مسلم امہ میں سلطنت کی قیادت کے روایتی کردارکو اجاگر کیا۔ انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صحت کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ 
 
وزیر خارجہ نے حوثی ملیشیاءکے سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے یہ حملے فی الفور روکنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سلامتی اور جغرافیائی سالمیت کے لئے کسی بھی خطرے کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ یک جہتی اور اس کی حمایت کے پاکستانی موقف کا اعادہ کیا۔ 
 
ملاقات میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی پیش ہائے رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ 
 
سعودی عرب کے سفیر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات میں پاک سعودی بڑھتے ہوئے تعاون کو اجاگر کیا۔ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان بہترین تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے سفیر نے زوردیا کہ سلطنت سعودی عرب دوطرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کاوشیں جاری رکھے گی۔ 
360/2020
Close Search Window