پریس ریلیز|

(پریس ریلیز نمبر 67/2021)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی قاہرہ میں مصر کے وزیر خارجہ سے ملاقات
 
اسلام آباد: مورخہ 18 فروری 2021
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مصر کے وزیر خارجہ سا مح شُکری سے تحریر محل قاہرہ میں گزشتہ روز ملاقات کی۔ مصر کے وزیر خارجہ نے آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا پرتپاک استقبال کیا۔
 
وزراءخارجہ نے وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ پاکستان کے وزیر خارجہ کے اعزاز میں تحریر محل میں ظہرانہ بھی دیاگیا جس میں دونوں جانب سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہا۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان مصر کے ساتھ کلیدی عرب ریاست اور ”افریقہ کے دروازے“ کے طورپر اپنے تعلقات کو انتہائی ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے حالیہ برسوںمیں مصر کی ترقی کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ان ترجیحات کو اجاگر کیا جن کا مقصد معاشی، سرمایہ کاری اور افراد قوت کی دستیاب بے پناہ صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔ دونوں ممالک کی ترقیاتی ضروریات اور درپیش یکساں مشکلات کو بیان کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زور دیا کہ دونوں ممالک ان مشترکات پر کثیرالجہتی تعلقات استوار کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ان کا دورہ مصر کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی پاکستان کی اس خواہش کا مظہر ہے۔
 
ملاقات کے دوران وزراءخارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا اور اپنے وفود کو انفراسٹرکچر کی ترقی، دفاع، دفاعی پیداوار، تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت، تعلیم، ٹیلی ویژن و ذرائع ابلاغ، سیاحت، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کے لے کام کرنے کی ذمہ داری سونپی۔
 
وزراءخارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان میری ٹائم روابط استوار کرنے کے امکانات پر بھی بات چیت کی تاکہ اپنے اپنے خطے میں معاشی وتجارتی راہیں ہموار ہوسکیں۔ پاکستان اور مصر کے درمیان عوامی سطح پر رابطے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے خاتمے کے لئے دونوں ممالک کی قربانیوں اور کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربے اور صلاحیت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
 
وزرا خارجہ نے تعاون کے فریم ورکس کی تجدید اور انہیں نئی قوت سے بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ مارچ میں اعلی حکام کی سطح پر سالانہ دوطرفہ مشاورت جبکہ مشترکہ وزارتی کمشن کا اجلاس رمضان کے فوری بعد منعقد کیاجائے۔
 
دونوں اطراف سے کثیرالقوامی اداروں خاص طورپر اقوام متحدہ، ’۔او۔آئی۔سی‘ اور غیروابستہ ممالک کی تحریک (این۔اے۔ایم) میں استواربہتر ین تعلقات کار کا جائزہ لیا گیا۔ اس ضمن میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔
 
وزراءخارجہ نے باہمی دلچسپی کے عالمی و علاقائی امور پر بات چیت کی۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان عمل سے متعلق اپنے مصری ہم منصب کو آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیرخارجہ شُکری کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خاص طور پراگست2019 کے بعد سے بدترین ہوتی صورتحال اور جنوبی ایشیاءمیں بھارت کے جنگی جنون سے متعلق بتایا جس کی وجہ سے عالمی اور علاقائی امن وسلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دورے کے دوران ان کے اور ان کے وفد کے پرتپاک استقبال اور گرمجوش میزبانی پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے مصر کے وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے وزیرخارجہ مصر نے قبول کرلیا۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وزیرخارجہ سامح شُکری کی دعوت پر سولہ فروری کو قاہرہ پہنچے تھے۔
٭٭٭٭٭
67/2021
Close Search Window