پریس ریلیز|

(پریس ریلیز نمبر66/2021)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی مصرکی ممتاز کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے ملاقات
 
اسلام آباد: مورخہ 17 فروری 2021
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قاہرہ پہنچنے پر مصر کی ممتاز کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے عشائیہ پر ملاقات کی۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے معاشی سفارتکاری پر حکومتی توجہ مرکوز ہونے، کاروبار اروسرمایہ کاری کے لئے ملک میں پرکشش ماحول بنانے کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں مختلف شعبہ جات میں مصر کی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے لئے موجود پرکشش مواقع کو اجاگر کیا جن میں توانائی، تعمیرات، ادویہ سازی، سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور لاجسٹک کے شعبے نمایاں ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیاکے مقابلے میں موازنہ کیاجائے تو ممتاز کثیرالقومی کمپنیاں پاکستان میں مسلسل اوسطا زیادہ منافع کمارہی ہیں۔
 
وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان اشتراک عمل بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان مصر مشترکہ کاروباری کونسل کی اولین بحالی سے اتفاق کیا۔
 
مصر کی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں نے مختلف مواقع سے متعلق اپنے نکتہ نظر کااظہار کیااور تجارت و سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے طریقے تجویز کئے۔
 
مصر کے کلیدی سرمایہ کاروں پر مشتمل وفد میں پاکستان میں پاورڈسٹریبیوشن سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی السویدے الیکڑک اور سویل ٹیک بھی شامل تھے۔ دیگر کاروباری شخصیات میں مصر کی چیمبرز آف کامرس کی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل، فارن ٹریڈ ایسویسی ایشن کے چئیرمین اور ایکسپو لنک کے چئیرمین شامل تھے۔
 
السویدے الیکٹرک کے ’سی۔ ای۔ او‘ کے صدر احمد السویدے نے وزیر خارجہ سے الگ ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیر خارجہ کو پاکستان میں کمپنی کی سرمایہ کاری کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ماہرین کی ایک ٹیم جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گی اور سرمایہ کاری کے لئے ترجیحی شعبہ جات کی نشاندہی کرے گی۔
 
سولہ سے اٹھارہ فروری دوہزار اکیس تک وزیر خارجہ کے دورہ مصرکے دوران معاشی سفارتکاری ترجیح ہے۔
٭٭٭٭٭
66/2021
Close Search Window