پریس ریلیز|

 

اسلام آباد: مورخہ 14 جنوری 2021
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آزربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کا ان کے وفد کے ہمراہ آج دفتر خارجہ آمد پر خیرمقدم کیا۔ دونوں اطراف نے پاکستان اور آزربائیجان تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا اور علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور آزربائیجان کے درمیان قائم غیرمعمولی سیاسی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے مضبوط معاشی تعلقات استوار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ 
 
دونوں اطراف نے سیاسی، سلامتی، تجارتی ومعاشی، توانائی، رابطوں، تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں جامع انداز میں تعاون آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نگورنو کاراباخ کے حالیہ تنازعہ میں تاریخی فتح پر آزربائیجان کے اپنے ہم منصب کو مبارک دی اور نئے فتح ہونے والے علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کی سرگرمیوں میں حمایت کا اظہار کیا۔ 
 
دونوں اطراف نے عالمی فورمز بالخصوص اقوام متحدہ، ’او۔آئی۔سی‘، ’ای۔سی۔او‘ اور ’این۔اے۔ایم‘ میں تعاون کی سطح کو اطمنان بخش قراردیتے ہوئے ان کا جائزہ لیا جبکہ عالمی وعلاقائی فورمز پر باہمی اشتراک عمل اور ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کشمیری عوام کے جائز اور منصفانہ نصب العین کے لئے بھرپور حمایت کرنے پر آزربائیجان کو خراج تحسین پیش کیا۔ جموں وکشمیر پر ’او۔آئی۔سی‘ رابطہ گروپ کے رکن کے طورپر آزربائیجان نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے جائز ،قانونی اور اصولی حق کی مسلسل وکالت کی ہے۔
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے تنازعے کے اجتماعیت کے حامل اور وسیع البنیاد سیاسی حل کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے افغان امن عمل میں پاکستان کی مثبت کاوشوں کو اجاگر کیا۔ 
 
اسلام آباد میں تیرہ جنوری دوہزار اکیس کو منعقدہ دوسرے پاکستان، ترکی اور آزربائیجان سہہ ملکی اجلاس پر اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے زوردیاگیا کہ مخصوص منصوبوں کے ذریعے سہہ ملکی تعاون میں اضافہ کیاجاسکتا ہے۔ 
 
وفود کی سطح پر مذاکرات کے اختتام پر دونوں وزرا خارجہ نے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کے شعبہ میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یاداشت (ایم۔او۔یو) پر دستخط کئے۔ 
 
دونوں وزرا خارجہ نے قریبی رابطہ استوار رکھنے اور تمام شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے لئے اعلی سطح پر دوروں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ 
٭٭٭٭٭ 
26/2021
Close Search Window