پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 26 مئی 2020

کورونا وباءکے سبب لاک ڈاون کے نتیجے میں بھارت میں پھنسے ہوئے مزید 176 پاکستانی اٹاری، واہگہ سرحد کے راستے کل بروز بدھ مورخہ 27 مئی 2020 کو وطن واپس پہنچیں گے۔

یہ پاکستانی شہری بھارت کی مختلف ریاستوں چھتیس گڑھ، گجرات، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، پنجاب، راجستھان، اتر پردیش، اتر کھنڈ اور دہلی میں لاک ڈاون اور کورونا وباءکے باعث اٹاری، واہگہ سرحدی راستہ بند ہونے کے باعث رکنے پر مجبور ہوئے تھے۔

ان پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کے لئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن بھارتی حکام اور پاکستان میں دفتر خارجہ اور دیگر حکام سے مسلسل رابطے میں رہا اور اشتراک عمل میں سہولت فراہم کی۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن نے لاک ڈاون کے دوران بھارت کے بیس سے زائد مختلف شہروں سے اٹاری تک ان پاکستانی شہریوں کو بہترین انداز سے لانے کے انتظامات کئے اور انتہائی فعال کردار ادا کیا۔

20 مارچ 2020 سے اب تک واہگہ اٹاری کے راستے بھارت سے 400 سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایاجاچکا ہے۔

بیرون ملک پھنسے ہوئے باقی ماندہ پاکستانی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لئے وزارت خارجہ کی بھرپور کوششیں مسلسل جاری ہیں۔

226/2020
Close Search Window