سلطنتِ عمان میں پاکستان کے 81ویں قومی دن کو روایتی جوش و جذبے سے منانے کے لیے سفارتخانہ پاکستان عمان میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید فرقان حمید سے ہوا ۔پاکستان کا قومی پرچم ،قومی ترانے کی دھنون کے ساتھ عمان کی فضاؤں میں عزت مآب سفیر پاکستان جناب احسن وگن صاحب نے بلند کیا۔ حالیہ کرونا وبا کےپیشِ نظر شرکاء تقریب کی تعداد کو انتہائی محدود رکھا گیا ۔
پرچم کشائی کی تقریب کے بعد جناب سفیر صاحب نے صدر ِپاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔
پاکستانی قیادت کے پیغامات پڑھنے کے بعد سفیر ِپاکستان نے اپنے مختصر مگر جامع خطاب میں پاکستان کے قیام کے لیے برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کی ان گنت اور لازوال قربانیوں پر مفصل روشنی ڈالی ۔قاہداعظم کے دو قومی نظریے ،ایمان ،اتحاد اور تنظیم کے سنہری اصولوں کی افادیت شاعر مشرق علامہ اقبال کے عظیم افکار اور پاکستان کی موجودہ سیاسی قیادت کے جذبہ حب الوطنی اور بین الاقوامی سطح پر وطن عزیز پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کشمیر میں جاری بھارتی ناجائز قبضے اور معصوم کشمیریوں پر کیے گئے بھارتی مظالم پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی برادری پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود اس قدیم ترین مسلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اور کشمیریوں کے حق ِ خود ارادیت پر پاکستان کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی کاوشوں کی پرزور حمایت کی جائے ۔
تقریب کے اختتام پر بارگاہ ِلم یزل دست دعا بلند کیے گئے اور وطن عزیز کی سالمیت ،استحکام اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔کشمیر کی آزادی کے لیے بھی بارگاہ ِخداوندی میں پر سوز دعا کی گئی۔
سفارتخانہ پاکستان ،مسقط
23 March 2021