March 23, 2021| Muscat Mission Post|
سفیر پاکستان عزت مآب جناب احسن وگن صاحب کی جانب سے ” سفارتخانہ پاکستان عمان ۔۔۔۔ پورٹل” کا افتتاح 23 مارچ 2021 کو پاکستان کے قومی دن کے بابرکت موقع پر کیا جا رہا ہے۔اس ایپ کا اجراء سفیر پاکستان کے اس عزم کا تسلسل ہے جس کے تحت وہ سلطنت عمان میں مقیم تمام معزز اراکین پاکستان کمیونٹی کے تمام تر مسائل کے بروقت اور فوری حل اور بروقت کونسلر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا نا چاہتے ہیں۔ اس ضمن میں عہد حاضر کی جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے بالخصوص حالیہ کرونا وبا کے چیلنج سے نبر دآزما ہونے کے لیے جدید ذرائع مواصلات کا بر وقت استعمال نہایت ضروری ہے۔
مذکورہ بالا موبائل ایپ کے استعمال سے عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے فوری حل اور جدید ذرائع مواصلات کے موثر استعمال سے سفارتخانہ پاکستان مسقط کے تمام شعبے اور دفاتر آپس میں منسلک ہو جائیں گے اور یوں تمام تر کونسلر خدمات کی فوری اور بر وقت فراہمی کویقینی بنانے میں مدد مل سکے گی۔
اس موبائل ایپ سے تمام کونسلر خدمات کی تازہ ترین معلومات ہمارے معزز اراکین کمیونٹی کو فراہم ہو سکیں گی۔جن کی انہیں اکثر و بیشتر ضرورت درپیش رہتی ہے۔ یوں سفارتخانہ پاکستان اپنے اراکین کمیونٹی کو تمام تر قانونی معاونت اور کونسلر خدمات فراہم کرنے کا نا صرف ایک اور سنگ میل عبور کر سکے گا بلکہ یہ موبائل ایپ ایک نہایت فعال اور متحرک چینل بھی ثابت ہو گی۔ اس ایپ کی چند نمایاں خصوصیات مندرجہ ذیل ہیں :
حالات حاضرہ سے متعلق تازہ ترین خبروں اور سرخیوں کی فراہمی ۔
پاسپورٹ اور
NICOP/POC / CNIC
سے متعلق جامع معلومات۔
شکایات اور تجاویز
عمان اور پاکستان کے سفر سے متعلق تمام ضروری ہدایات ۔
دستاویزت کی تصدیق سے متعلق ضروری ہدایات ۔
آؤٹ پاس کی رجسٹریشن سے متعلق معلومات۔
سفیر پاکستان اور سفارتخانہ کے دیگر افسران سے ملاقات کرنے کے لیے درخواست ۔
سفارتخانہ پاکستان، مسقط ہمیشہ کی طرح اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ عمان میں مقیم تمام معزز اراکین کمیونٹی وطن عزیز کا گراں قدر سرمایہ ہیں اور ان کے تمام تر مسائل کے تدارک کے لیے اس ایپ کا اجراء سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے ایک اہم سنگ میل ہے تا کہ کمیونٹی کے تما م تر مسائل کے فوری ،بروقت اور جامع حل کے لیے کوششوں کو مزید موثر کیا جا سکے۔
سفارتخانہ پاکستان ،مسقط
23 March 2021
Last modified: March 24, 2021
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.