Muscat Mission Post|

 عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے دوعمانی نوجوانوں سالم الجعفری اور علی الجعفری کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ دونوں نوجوان دس دن تک سمندر میں لاپتا رہے اور انہیں پاکستان کے بحری حکام اور مقامی افراد کی کوششوں سے کھلے سمندر سے باحفاظت ریسکیو کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی قابل احترام رکن مجلس شوریٰ عمان، جناب راشد بن عبداللہ سالم الغیلانی تھے۔ تقریب کے مہمانِ اعزاز سفارتخانہ پاکستان کے عمان میں تعینات اتاشی برائے دفاعی امور جناب کاشف فرحان صاحب تھے۔ تقریب کی خاص بات عمانی معززین سمیت، بخیر وعافیت عمان پہنچنے والے نوجوانوں اور ان کے اہل عیال کی کثیر تعداد میں شرکت تھی۔ تقریب کا آغاز واستقبال دونوں اطراف سے انتہائی والہانہ تھا۔ نہایت پروقار انداز میں مکمل عمانی روایات کے تحت تمام عمانی شرکاء روایتی عمانی اشعار پڑھتے ہوئے ہال میں داخل ہوے اور یقینی طور پرمحسوس ہوا کہ یہ دو ممالک عمان اور پاکستان انتہائی قریبی تعلقات، اخوت اور بھائی چارے کا عملی نمونہ ہیں۔

موقع کی مناسبت سے ایک ڈاکومنٹری پیش کی گئی جس میں واقعہ کی تفصیلات بطور احسن بیان کی گئیں، بعد ازاں عمانی معززین نے اس پر مسرت موقع کی مناسبت سے سٹیج پر آکر اظہارِ خیال کیا اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا ۔ ڈیفنس اتاشی پاکستان ایمبسی عمان جناب کاشف فرحان صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وہ تمام مراحل بیان کیے جوان عمانی نوجوانوں کی انتھک تلاش اور ان کو بخیر وعافیت عمان واپسی تک پاکستان نیول فورسز کی طرف سے سر انجام دیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمانی اور پاکستانی قوم صرف دوست ہی نہیں بلکہ بھائیوں کی طرح ھیں اور بھائی ہی مشکل میں ایک دوسرے کے کام آتے ہیں۔

اس موقع پر معزز مہمانوں کو تحائف پیش کیے گئے اور مہمانِ خصوصی کو یادگار کے طور پر علاقے کی 58 گنبد والی مسجد کا ماڈل پیش کیا گیا۔ عمانی شرکاء اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے مل کر پاکستانی عمانی دھنوں اور ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص پیش کیے۔ آخر میں پرتکلف عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے اس پروگرام کی ترتیب و معاونت پر میاں محمد منیر صاحب اور ان کی پوری ٹیم کو بے حد سراہا اور اس امر کا اظہار کیا کہ یہ تقریب عمان پاکستان برادرانہ تعلقات میں مزید نکھار لانے کے لیے سنگِ میل ثابت ہو گی۔

سفارتخانہ پاکستان، مسقط

۲۹ جون ۲۰۲۲

Close Search Window