Muscat Mission Post|

سفارتخانہ پاکستان مسقط میں کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لئے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے معزز افسران، کشمیری رہنما، ممتاز کمیونٹی ممبران اور عمان سوسائٹی کی نمائند گی بھی موجود تھی۔

محمد کامران مشتاق، جن کو جناب وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر نے بیرونِ ملک کشمیریوں کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے، نے بین الاقوامی برادری، اقوامِ متحدہ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ اس طویل تنازع کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔امجد علی صاحب نے بھی تقریب سے خطاب کیا، اور علاقائ اور بین الاقوامی سطح پر اس سنگین انسانی بحران کو اجاگر کرنے میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا۔ سامعین کو کشمیر میں جاری ظلم و ستم سے آگاہ کرنے والی دستاویزی فلم بھی چلائی گئی۔

پاکستانی قیادت کے پیغامات پڑھ کر سناۓ گئے۔ سفیرِ پاکستان نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے لئے جدوجہد اور قربانیوں پر روشنی ڈالی، اورغیر ملکی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کی تاریخ میں اس واقعے کی اہمیت کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بین الاقوامی اور علاقائ سطح پر انکی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔ انہوں نے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پرOIC کے آنے والے 48 ویں سیشن کا خصوصی ذکر کیا، جہاں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جائے گا۔

تقریب کا اختتام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جدوجہد میں کامیابی کے لئے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔

سفارتخانہ پاکستان، مسقط

۵ فروری ۲۰۲۲

 

 

Close Search Window