Muscat Mission Post|

سیلاب متاثرین کیلئے وزیراعظم کے سیلاب ریلیف فنڈ 2022 کا قیام ۔ تمام پاکستانیوں سے اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل ۔

پاکستان میں گزشتہ ہفتوں ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے ملک شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہے۔ اس وقت چاروں صوبوں کے کئی ہزار مربع کلومیٹر علاقے پر سیلابی پانی کھڑا ہے جس سے ملک کو شدید جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، ابتدائی تخمینے بتاتے ہیں کہ 66 اضلاع میں تقریبا 33 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ تقریباً 1000 جانیں ضائع ہو چکی ہیں جس میں 300 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔ قریباً 3000 کلومیٹر سڑکیں اور 150 پلوں کے علاوہ پانچ لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ لوگوں کی زندگی، مکانات، مویشیوں اور معاش کے بہت بڑے نقصان کی وجہ سے قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ وسائل کو متحرک کرنے کے لیے غیر معمولی اقدامات کئیے جا سکیں۔ ایک اطلاع کے مطابق اب تک 50,000 جانیں بچائی جا چکی ہیں، لیکن امدادی کیمپ تیزی سے بھر رہے ہیں، اور ملک کے کونے کونے سے مزید نقصانات اور جانی نقصان کی خبریں آ رہی ہیں۔ انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان اور کئی متاثرہ علاقوں میں مسلسل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔

غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے بین الاقوامی حمایت کی اپیل کر دی ہے۔ پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ 2022 قائم کیا گیا ہے تاکہ فنڈز کو ان علاقوں تک پہنچایا جائے جہاں امداد کی سخت ضرورت ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ایک لائحہ عمل بھی تیار کیا ہے جس سے اوورسیز پاکستانی اپنے عطیات درج ذیل طریقوں سے اپنے متاثرین بھائی بہنوں کو پہنچا سکتے ہیں۔

وزیر اعظم کا سیلاب ریلیف فنڈ 2022

1۔ وائر ٹرانسفر: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سمیت بیرون ملک مقیم عطیہ دہندگان اپنے متعلقہ بینک سے سیلاب فنڈ اکاؤنٹ میں وائر ٹرانسفر کے ذریعے عطیہ کر سکتے ہیں۔ وہ صرف اپنے متعلقہ بینک کوایڈوائس دیں گے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کو ڈیبٹ کرکے فنڈ اکاؤنٹ میں عطیہ کی رقم منتقل کریں۔ بینک فنڈ اکاؤنٹ میں موصول ہونے والے عطیات کی جمع شدہ رقم روزانہ کی بنیاد پر ’ریئل ٹائم گراس سیٹلمنٹ سسٹم کے ذریعے اسٹیٹ بینک کو منتقل کریں گے

2۔ بیرون ملک مقیم عطیہ دہندگان رقم منتقل کرنے والے آپریٹرز (مثلاًمنی گرام،ویسٹرن یونین)  اور ایکسچینج ہاوسز کے ذریعے مروجہ طریقہ سے رقم بھیج سکتے ہیں۔ متعلقہ بینکس جنہیں ایسی رقوم موصول ہوتی ہیں روزانہ کی بنیاد پر سٹیٹ بینک کوفنڈ ٹرانسفر کریں گے۔

3۔ کمرشل بینکس جو روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کی سروسز دے رہے ہیں وہ اپنے ایپ میں پرائم منسٹر ریلیف فنڈ کے پیج پر روشن سماجی خدمت کا آپشن دیں گے۔ جس سے بآسانی عطیات دئے جا سکیں گے۔ بینکس روزانہ کی بنیاد پر روشن ڈیجیٹل اکاونٹس اور دوسرے ذرائع سے موصول رقم کو آر ٹی جی ایس کے ذریعے سٹیٹ بنک آف پاکستان کو ٹرانسفر کریں گے۔۔

ماضی میں بھی پاکستان کو کئی ایک مشکل حالات کا سامنا رہا ہے اور ہم ہمیشہ ایک قوم کے طور پر اکٹھے ہوئے ہیں۔ موجودہ حالات بھی ہم سے ایسی ہی یکجہتی اور حمایت کا تقاضا کرتے ہیں۔  ہم اپنی محب وطن پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں آگے آئیں اور سیلاب متاثرین کی مشکلات کم کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں ۔ شکریہ

سفارتخانہ پاکستان، مسقط

۱ ستمبر ۲۰۲۲

Close Search Window