پریس ریلیز|

 

اسلام آباد: مورخہ 12 جنوری 2021
 
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دعوت پر آزربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف تیرہ سے چودہ جنوری دوہزار اکیس کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دوہزار دس کے بعد آزربائیجان کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ اولین دوطرفہ دورہ ہوگا۔ 
 
دونوں وزرا خارجہ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے اور دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں پر بات چیت کریں گے۔ نئے سال کے آغاز میں ہونے والے اس دورہ سے مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرانے کے لئے طریقہ ہائے کار تلاش کرنے کا موقع میسرآئے گا۔ 
 
بہترین سیاسی تعلقات کی تجدید کے علاوہ دونوں وزرا خارجہ تیل وگیس، زراعت، ریلوے اورتعلیم کے شعبوں میں اشتراک عمل بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کریں گے۔ 
 
آزربائیجان جنوبی قفقاز خطے کا کلیدی ملک اور پاکستان کا دیرینہ دوست اور شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات استوار ہیں جو مشترک تاریخ، مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ 
 
دونوں ممالک کے درمیان علاقائی اور عالمی اداروں میں باہمی مفاد کے معاملات پر قریبی اشتراک عمل استوار ہے۔ 
٭٭٭٭٭
22/2021
Close Search Window