مارچ 9, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد : مورخہ 9 مارچ 2020
افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کی آج کابل میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں پاکستان کی طرف سے شرکت کی گئی اور مبارکباد کا پیغام پہنچایاگیا۔
پاکستان کے عوام افغانستان کے برادر عوام کے ساتھ تاریخ، جغرافیہ، عقیدہ، نسل، ثقافت، زبان اور تہذیب وروایات کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں۔ ہم اپنے افغان بھائیوں کے لئے خوشحال اور پرامید مستقبل کی نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہیں۔
افغان عوام کی قومی زندگی میں اس اہم ترین مرحلے پر ہمیں امید ہے کہ افغانستان کے قائدین بصیرت اور دانائی کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور الزام تراشی سے دامن بچاتے، باہمی اختلافات کو حل کرتے ہوئے ملک کے بہترین مفاد میں اتحاد کا مظاہرہ کریں گے۔
29 فروری 2020 کو دوحہ میں امریکہ طالبان امن معاہدے پر دستخطوں سے افغان عوام کے لئے ایک تاریخی موقع پیدا ہوا ہے اور بین الافغان مکالمے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ اس تاریخی موقع کا فائدہ اٹھایا جائے اور افغانستان میں پائیدار امن واستحکام کو یقینی بنانے کے لئے تعمیری انداز میں مل کر کام کیاجائے۔
پاکستان ایک مشترکہ ذمہ داری کے طورپر افغان امن اور مفاہمتی عمل میں سہولت کاری جاری رکھے گا تاکہ انیس سالہ تنازعہ جامع، اجتماعی، مذاکرات سے افغانوں کے اپنے طے کردہ اور افغانوں کو قبول سیاسی تصفیہ کے ذریعے حل کی صورت اپنے اختتام کو پہنچے۔
پاکستان ایک پرامن، مستحکم، متحدہ، خودمختار، جمہوری اور خوشحال افغانستان کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے جو نہ صرف داخلی طورپربلکہ اپنے ہمسایوں کے ساتھ بھی پرامن ہو۔
Last modified: مارچ 10, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.