پریس ریلیز|

اسلام آباد : مورخہ 9 مارچ 2020

پاکستان کی حکومت اور عوام نے اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل ہیوئیر پیریس دیکیوآر کی وفات پر افسوس اور تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ وہ اپنے دور کے ان سرفہرست اور نامور قائدین میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے اپنے ملک اور بین الاقوامی برادری کے لئے بڑے عزت ووقار کے ساتھ خدمات انجام دیں۔

سابق سیکریٹری جنرل ہیوئیر پیریس دیکیوآر پیرو کے نامور اور قابل فخر فرزند کا درجہ رکھتے تھے، وہ لاطینی امریکہ کی سیاست کی ایک روشن علامت اور ایک پختہ کار جمہوریت پسند تھے جنہوں نے اپنے ملک اور دنیا بھر میں جمہوریت کے فروغ کے لئے مدد فراہم کی۔

کثیرالقومیت سوچ پر یقین رکھنے اور اس پر کاربند شخص کے طورپر سیکریٹری جنرل ہیوئیر پیریس دیکیوآر افغانستان میں قیام امن، ایران عراق دس سالہ جنگ کے خاتمے، نیمیبیا کی آزادی، کمبوڈیا، ایلسلواڈور اور نکاراگوا میں تنازعات کے خاتمے کے لئے اپنی انتھک کاوشوں اور قائدانہ کردار کی بناءپر یاد رکھے جائیں گے۔

ان کی زندگی اور خدمات دیرینہ عالمی تنازعات کو پرامن انداز سے حل کرنے کی کوششوں کے لئے ایک مثال رہیں گی۔

107/2020
Close Search Window