فروری 10, 2020| پریس ریلیز|
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل جناب انتونیو گوتیرس 16 سے 19 فروری 2020 کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔
سیکریٹری جنرل ”پاکستان میں 40 سال سے مقیم افغان مہاجرین کے موضوع پر عالمی کانفرنس؛یک جہتی کے لئے نئی شراکت داری“ میں شریک ہوں گے اور اس سے کلیدی خطاب کریں گے۔
سیکریٹری جنرل اپنے دورے کے دوران صدرمملکت، وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بھی ان کی ملاقات ہو گی۔
سیکریٹری جنرل کی دیگر مصروفیات میں اراکین پارلیمان، میڈیا اور نوجوانوں سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔ پائیدار ترقی، ماحولیاتی تغیر اور امن کے موضوعات پر وہ خصوصی خطاب کریں گے۔
سیکریٹری جنرل لاہور کا بھی ورہ کرین گے جبکہ سکھ برادری کے مقدس مقام گوردوارہ کرتاپور صاحب بھی جائیں گے۔
دورے کے دوران پاکستان کی قیادت جموں وکشمیر کے تنازعے کے تمام پہلووں پر پاکستان کے نکتہ نظر کو بیان کرے گی۔
یہ دورہ اقوام متحدہ کی عالمی امن وسلامتی کے قیام اور فروغ کے لئے ہمارے بہادر سپاہیوں کی یواین امن دستوں میں شرکت کے ذریعے کاوشوں میں پاکستان کے کردار کے اعتراف کا موقع فراہم کرے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی عالمی کانفرنس میں شرکت پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کی چاردہائیوں سے جاری مثالی مہمان نوازی اور کشادہ دلی سے کی گئی میزبانی اور افغانستان میں امن واستحکام کے قیام کے لئے ہماری کوششوں کے عزم کا اعتراف ہے ۔
پاکستان اقوام متحدہ کا بھرپور حامی رہا ہے اوراس نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے عالمی امن وسلامتی، دنیا میں پائیدار ترقی کے حصول کے اہداف کے لئے مثالی کردار ادا کیا ہے۔
Last modified: فروری 13, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.