پریس ریلیز|

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا آج وزارت خارجہ آمد پر استقبال کیا۔ انتونیوگوتیرس کا 2016ءمیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

دورنے عالمی امن وسلامتی، ماحولیاتی تغیر اور پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے حصول کے لئے اقوام متحدہ کے مقاصد میں اس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کیا۔ وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصول و مقاصد کے ساتھ پاکستان کی وابستگی کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرخارجہ نے حکومت کے عوامی ایجنڈے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے احساس اور کامیاب جوان پروگراموں پرعملدرآمد میں اقوام متحدہ کی جانب سے مدد کی فراہمی کی ضرورت پر زوردیا۔

سیکریٹری جنرل نے گزشتہ چاردہائیوں سے 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی فراخدالانہ میزبانی پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ اس ضمن میں پاکستان کی اعانت کرے۔ وزیرخارجہ نے زوردیا کہ بین الاقوامی برادری بتدریج، متعین وقت ، وسائل کی فراہمی اور باہمی اتفاق سے افغان مہاجرین کی واپسی کا خاکہ تیار کرے جسے افغانستان میں امن ومفاہمتی عمل کا ایک کلیدی حصہ ہونا چاہئے۔ وزیرخارجہ نے افغانوں کی قیادت میں انہیں قابل قبول امن ومفاہمتی عمل کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیرخارجہ اور سیکریٹری جنرل نے بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے 5 اگست 2019ءکے غیرقانونی اور یک طرفہ بھارتی اقدامات سے بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں مسلسل لاک ڈاون پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور بھارتی جنگی روئیے اور لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوںکو علاقائی اور عالمی امن کے لئے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے کسی فالس فلیگ آپریشن کے امکان کا حوالہ دیا جسے بھارت اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے استعمال کرسکتا ہے۔ سیکریٹری جنرل نے زوردیا کہ جموں وکشمیر پر اقوام متحدہ کی پوزیشن اقوام متحدہ کے منشور بشمول تنازعات کے پرامن حل او سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تابع ہے۔

جموں وکشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر دیرینہ ترین مسئلہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے سیکریٹری جنرل پر زوردیا گیا کہ وہ اپنے منصب کو استعمال کرتے ہوئے ثالثی کرائیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس مسئلے پر موجود مختلف قراردادوں اوراقوام متحدہ کے منشورکے تحت کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلائیں ۔

وزیرخارجہ نے لائن آف کنٹرول کی نگرانی کے لئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت اور پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل پر اسے مزید موثر بنانے کے لئے زوردیا۔

پاکستان کی کاوشوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے یواین امن دستوں میں شامل پاکستانی بہادر مردوخواتین کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستان دنیامیں اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں کے لئے سب سے زیادہ دستے دینے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوںنے امن کے قیام کے لئے خدمات انجام دیتے ہوئے 157 شہداءکو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

ماحولیاتی تغیر سے لاحق خطرات کا ادراک کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے اس خطرے سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی برادری کے اجتماعی اقدام کی اہمیت پر زوردیا اور پاکستان کی طرف سے ان کوششوں میں بھرپورحمایت اور مل کر کام کرنے کے لئے آمادگی کا اظہار کیا۔

سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے وزیراعظم عمران خان کے دس ارب درخت لگانے کی مہم کے تحت دفتر خارجہ کے احاطہ میں پودا بھی لگایا۔

وزیرخارجہ نے سیکریٹری جنرل کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
٭٭٭٭

79/2020
Close Search Window