پریس ریلیز|

امریکی ارکان کانگریس پاکستان کاکس نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں کیپیٹل ہل میں آج استقبالیہ دیا جس میں کانگریس پاکستان کاکس کی سربراہ خاتون رکن کانگریس شیلا جیکسن لی،ڈیموکریٹک شریک چئیرمین رکن کانگریس تھامس سوزی اور کانگریس پاکستان کاکس کے ری پبلکن شریک چئیرمین رکن کانگریس جم بینکس نے شریک ہوئے۔

ملاقات میں خارجہ امور سے متعلق ہاوس کمیٹی کے چئیرمین ایلیوٹ اینگل کے علاوہ ایشیاءپر ایوان کی ذیلی کمیٹی کی چئیرمین خاتون رکن کانگریس ایمی بیرا بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زوردیا کہ پاکستان نے ہمیشہ امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دی ہے۔ امریکی کانگریس امریکی سیاسی نظام کا ایک بنیادی ستون ہے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ میں کاکس کے کانگریس کے اندر کردار کوسراہا۔ یہ تعلقات گزشتہ سال سے مثبت سمت میں بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

وزیر خارجہ نے کاکس کو ملک میں سماجی ومعاشی اور انسانی ترقی کے ساتھ ساتھ علاقائی امن وخوشحالی، افغانستان میں قیام امن اور خطے میں دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے پاکستان کی کوششوں اور حکومت پاکستان کی سوچ سے آگاہ کیا۔ انہوںنے امریکہ اور پاکستان کے درمیان عوام اور پارلیمان کی سطح پر روابط کے فروغ پر زوردیا اور کاکس کے ارکان سے اس ضمن میں کردار ادا کرنے کے لئے کہا۔ وزیر خارجہ نے کاکس کے ارکان کو بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور کشمیری عوام پر بھارت کی طرف سے جاری بدترین جبر واستبداد سے آگاہ کیا۔

پاکستان کاکس کے ارکان نے وزیر خارجہ کا صورتحال سے آگاہی فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور علاقائی امن وسلامتی کے لئے پاکستان کے قابل قدر کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوںنے امریکہ میں پاکستانی برادری کی کاوشوں کا بھی اعتراف کیا جو دوطرفہ تعلقات اور روابط کو مزیدمضبوط بنانے میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

28/2020
Close Search Window