مارچ 7, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ 7 مارچ 2020
اسلامی تعاون تنظیم (او۔آئی۔سی) کے سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں وکشمیر سفیر یوسف ایم الدوبئے نے پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر کا اپنا دورہ مکمل کرلیا۔
اپنے دورے کے دوران نمائندہ خصوصی اور ان کے اعلی سطحی وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، اس کے علاوہ وزیر خارجہ ، وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان، پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر اور سیکریٹری خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے ایک نمائندہ وفد نے بھی معزز مہمان اور ان کے وفد سے ملاقات کی اور انہیں بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا۔
ملاقاتوں کے دوران پاکستانی قیادت نے اوآئی سی کی جانب سے جموں وکشمیر کے عوام کی پختہ حمایت بالخصوص 5 اگست 2019 کو بھارت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے خلاف حمایت کو سراہا۔ نمائندہ خصوصی کو بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی انتہائی بدترین صورتحال اور پامالیوں سے آگاہ کیاگیا۔ انہیں بتایاگیا کہ بھارتی جنگی جنون کا رویہ اور جارحانہ اقدامات خطے کے امن واستحکام کے لئے سنگین خطرہ ہیں۔ زوردیا گیا کہ جموں وکشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل اور بنیادی حقوق کے حصول کے لئے عملی مدد کے لئے کشمیری اوآئی سی اور امت مسلمہ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔
آزادجموں وکشمیر میں اوآئی سی کے وفد نے ریاست آزاد جموں وکشمیر کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں کے علاوہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا۔وفد نے مظفرآباد میں مہاجرین کے کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ ملاقات کے دوران آزادجموں وکشمیر کی قیادت نے اوآئی سی کی کشمیر کاز کے لئے وابستگی کو سراہا اور بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے جبر کا شکار عوام کی حمایت پر خراج تحسین پیش کیا۔
ایل او سی پر چکوٹھی کے دورے کے دوران وفد کو ایل او سی پر بھارتی افواج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں عام شہریوں کے جان ومال کو پہنچنے والے نقصانات سے آگاہ کیاگیا۔ مظفرآباد میں مہاجر کیمپ کے دورے کے موقع پر وفد نے بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر سے آنے والے مہاجرین سے ملاقات کی اور ان سے بھارت کے غیرقانونی قبضے میں رہنے والے کشمیریوں کی تکالیف اور مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
نمائندہ خصوصی نے زوردیا کہ کشمیر اور فلسطین اوآئی سی کے ایجنڈے پرموجود سرفہرست مسائل ہیں۔ اوآئی سی کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے نمائندہ خصوصی نے کہاکہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر مسلمہ متنازعہ معاملہ ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور اوآئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پرامن انداز میں حل کیاجائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اوآئی سی کشمیریوں کی مشکلات ومصائب کو ختم کرانے میں تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی اور جموں وکشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ حل کرانے میں مدد فراہم کرے گی۔
مئی 2019ءمیں مکہ میں اوآئی سی کے چودھویں سربراہ اجلاس کے دوران اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل کے جموں وکشمیر کے لئے نمائندہ خصوصی مقرر ہونے کے بعد سفیر یوسف ایم الدوبئے کا پاکستان اور آزاد جموں وکشمیر کا یہ پہلا دورہ تھا۔
Last modified: مارچ 10, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.