پریس ریلیز|

حکومت پاکستان اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یوا ین ایچ سی آر) کے اشتراک سے 17 تا 18 فروری 2020کو بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرے گی۔ کانفرنس کا عنوان ” افغان مہاجرین کا40 سال سے پاکستان میں قیام؛یک جہتی کی نئی شراکت داری“ ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ اس دو روزہ کانفرنس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر فلیپو گرینڈی سمیت دنیا کے 20 ممالک سے وزراءاور اعلی حکام کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ کانفرنس میں وہ ممالک اور شخصیات شرکت کررہی ہیں جنہوں نے دنیا بھر اور پاکستان میں افغان مہاجرین کی مدد کی ہے۔ مزید برآں اقوام متحدہ، ملٹی لیٹرل ڈویلپمنٹ بینکس، سول سوسائیٹی اور نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والی اعلی شخصیات کی بھی کانفرنس میں شرکت متوقع ہے۔

کانفرنس ایک ایسے اہم موقع پرمنعقد ہورہی ہے جب افغانستان میں امن کے استحکام کی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہورہی ہیں۔

کانفرنس کے انعقاد سے دنیا میں مہاجرین کی سب سے بڑی آبادی کی مہمان نوازی، میزبانی، کشادہ دلی اور مثالی اخوت کے مظاہرے کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا، اس کے علاوہ چالیس برس میں افغان مہاجرین کی ترقی کے کلیدی سنگ ہائے میل اور پیش ہائے رفت کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ کانفرنس کے انعقاد کا مقصدمہاجرین کے حوالے سے سیکھے گئے تجربات، اس ضمن میں درپیش آنے والی مشکلات ومسائل کو بیان کرنے کے علاوہ رضاکارانہ اور عزت ووقار کے ساتھ افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کے حل پر غور ہوگا۔

پاکستان پراعتماد ہے کہ یہ کانفرنس ان بین الاقوامی کوششوں کو تقویت دینے کا باعث ہوگی جن سے اقوام متحدہ کے ’گلوبل کمپیکٹ برائے مہاجرین‘ اور عالمی مہاجر فورم میں اتفاق کیاگیا تھاکہ افغان مہاجرین کے معاملے میں ازسرنو توجہ مرکوز کی جائے۔ کانفرنس کے ذریعے مہاجرین کے لئے مثبت بیانیہ مرتب کرنے میں مدد ملے گی جوایک ایسے وقت میں نہایت اہم ہے جب سرحدات بند کی جاری ہیں اورقومیت اور نظریاتی بہانوں سے لاکھوں لوگوں کو بے گھر کردیاگیا ہے۔

73/2020
Close Search Window