پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
354/2020
 بھارتی بے بنیاد الزامات مسترد،نام نہاد”چارج شیٹ“ کا مقصد غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے:پاکستان 
 
اسلام آباد: مورخہ 26 اگست 2020
 
پاکستان ’بھارتی انوسٹی گیشن ایجنسی‘ (این۔آئی۔اے) کی نام نہاد ”چارج شیٹ“ مکمل طورپر مسترد کرتا ہے جو گزشتہ برس غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر میں پلوامہ حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی شرانگیز کوشش ہے۔ ”چارج شیٹ“ کے نام پر سامنے آنے والی من گھڑت پریشان خیالی کا بنیادی مقصد ’بی۔جے۔پی‘ کے پاکستان مخالف واویلے کو آگے بڑھانا اور تنگ نظر داخلی سیاسی مفادات کا حصول ہے۔ 
 
اول دن سے پاکستان بھارت کے بے بنیاد الزامات مسترد کرتا آرہا ہے اورقابل دست اندازی معلومات کی صورت میں تعاون کے ضمن میں اپنی آمادگی ظاہر کرچکا ہے لیکن بھارت اپنے کھوکھلے دعووں کے حق میں ٹھوس شواہد فراہم کرنے میں مکمل ناکام رہا اور شرمساری کے بجائے اس واقعے کو پاکستان کے خلاف کردارکشی کی گندی مہم چلانے کے لئے استعمال کررہا ہے۔
 
پلوامہ حملے کا وقت بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات سے دو ماہ پہلے کا تھا اور حقیقت یہ ہے کہ اس میں استعمال ہونے والا باردو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر سے ہی حاصل کیاگیا تھا۔ اس حملے کے مرکزی ملزمان کو بھارتی فوج پہلے ہی قتل کرچکی ہے جس سے بہت سارے سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ 
 
26 فروری 2019ءکو پاکستان کے خلاف بھارتی فوجی طیارے کے ذریعے جارحیت کی گئی۔ پاکستان کی فضائیہ نے اس بھارتی مہم جوئی کا موثر انداز میں جواب دیا جس کے نتیجے میں نہ صرف دو بھارتی لڑاکا طیارے مارگرائے گئے بلکہ بھارتی ہواباز کو بھی گرفتار کرلیاگیا۔ تمام تر بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود امن کے اظہار کے طورپر پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ رہا کردیا۔ 
 
پلوامہ حملے کے بعد بھارتی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ کاغذ کے جواب میں پاکستان نے اعلی سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تاکہ اس کے نکات کا جائزہ لیاجائے۔ بھارت کی طرف سے فراہم کردہ معلومات نامکمل، ٹکڑوں کی شکل میں اور شواہد کے بغیر تھیں۔ پاکستان نے مزید معلومات کے حصول کے لئے لکھا کہ بھارت کاغذ میں بیان کردہ نکات کے حق میں مطلوبہ شواہد فراہم کرے لیکن بھارت شواہد کی فراہمی اور اپنے بے بنیاد الزامات کی تصدیق میں ناکام رہا۔ 
 
بھارت اپنے پراپگنڈے کے اثر سے عالی برادری کوگمراہ نہیں کرسکتا۔ پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں محصور کشمیری عوام کے خلاف ریاستی دہشت گردی، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور ’آر۔ایس۔ایس‘ ، ’بی۔جے۔پی‘ حکومت کی داخلی معاملات میں ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ 
 
پاکستان عالمی برادری کو پیشگی خبردار کرچکا ہے کہ بھارت خودساختہ کسی ”جھوٹی کارروائی“ (فالس فلیگ آپریشن) کو حماقت پر مبنی کسی مہم جوئی کے لئے استعمال کرسکتا ہے۔ بھارت میں ریاستی انتخابات کے قریب آتے ہی ’آر۔ایس۔ایس‘ ، ’بی۔جے۔پی‘ پاکستان کو پھر سے اپنے سیاسی ہتھکنڈے کے طورپر استعمال کررہے ہیں تاکہ انتخابات میں سیاسی فائدہ حاصل کرسکیں۔ ہم ایک بار پھر عالمی برادری کو اس کے خطے کے امن وسلامتی کے لئے سنگین خطرات سے خبردار کرتے ہیں۔ 
354/2020
Close Search Window