پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 17 جنوری 2021
 
حالیہ مہینوں میں عالمی برادری کے سامنے بھارت کی ریاستی سرپرستی میں پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے اور پاکستان مخالف جھوٹی عالمگیر مہم چلانے کے ناقابل تردید شواہد آچکے ہیں۔ ’ٹی۔ آر۔ پی‘ کیس میں ممبئی پولیس کی چارج شیٹ میں بھارتی ری پبلک ٹی وی کے اینکر کے ٹرانسکرپٹس شامل ہیں جس نے بھارت کے مکروہ اور مذموم عزائم مزید بے نقاب کردئیے اور پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید وتصدیق کردی ہے۔ 
 
تازہ انکشافات سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان اب تک جن امور کی مسلسل نشاندہی کرتا آ رہا ہے، وہ تمام حقائق درست ہیں۔ ’بی۔جے۔پی‘ حکومت نے ”فالس فلیگ آپریشن“ رچایا، پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق جھوٹ باندھا، بھارت کے اندر قوم پرستی کی آگ کو مزید بھڑکایا، نام نہاد ”سرجیکل سٹرائیک“ کے دعوے کرنے کے علاوہ انتخاب جیتنے کی خاطر اپنی قوم کے جذبات کو گمراہ کن رُخ پرڈالا ۔ یہ طرز عمل بلاشبہ ’آر۔ایس۔ایس‘، ’بی۔جے۔پی‘ حکومت کے انتخابی اندازوں کے مطابق دوہرایاگیا۔ 
 
ہم نے ابتداءسے ہی پاکستان کے خلاف بھارتی گمراہ کن بے بنیاد اور زہریلے بھارتی پراپگنڈے کو مسترد کیا اور یہ حقائق اجاگر کئے کہ فروری دوہزار انیس میں پلوامہ حملے کا سب سے بڑا فائدہ ’بی۔جے۔پی‘ حکومت کو ہوا ہے کیونکہ اس نے لوک سبھا میں واضح نشستیں جیت لیں۔ یہ ٹرانسکرپٹ اس امر کا مزید بین ثبوت ہے کہ کیسے ’فالس فلیگ‘ آپریشن کے ذریعے واضح انتخابی کامیابی کی راہ ہموار کی گئی اور اس منصوبے پر عمل کیاگیا۔ 
 
یہ ٹرانسکرپٹ ’ہندتوا‘ انتہاءپسند حکومت اور بھارتی میڈیا میں ان کے کارندوں کے گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرتے ہیں۔ ایک طرف اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ’آر۔ایس۔ایس‘، ’بی۔جے۔پی‘ کا انتہاءپسند ایجنڈا کس قدر گہرائی میں جاکر بھارتی ریاستی اداروں میں سرایت کرچکا ہے تو دوسری جانب اس سے یہ بھی واضح ہوجاتا ہے کہ بھارتی شہریوں کے حقوق، آزادی اور بھارتی معاشرے میں جمہوری اقدار کو بیمار ذہنیت کے ذریعے کس بری طرح تباہ کیا اور چھینا جارہا ہے۔ یہ امر نہایت اہم ہے کہ کس طرح سفاک حکومت کے فروعی سیاسی مفادات کے لئے کئے جانے والے اقدامات خطے میں امن وسلامتی کو سنگین خطرات سے دوچار کررہے ہیں۔ 
 
پاکستان بھارتی اشتعال انگزیوں کے باوجود سچائی اور حقائق کی روشنی میں بھارتی جھوٹ اورشرانگزیاں بے نقاب کرنے کی اپنی کوششیں ذمہ داری کے ساتھ جاری رکھے گا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری صورتحال کا حقیقی معنوں میں ادراک کرتے ہوئے علاقائی ماحول خراب کرنے اور جنوبی ایشیاءکے امن وسلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔ 
٭٭٭٭٭
27/2021
Close Search Window