ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو آج ٹیلی فون کیا اور10 جنوری 2020 کوکوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔ وزیرخارجہ میولوت چاوش اولو نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا۔
دونوں وزرا خارجہ نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خاص طورپر مشرق وسطی کی صورتحال پر بات چیت کی۔ ترک وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ عراق کے بعد اپنے تجزیے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کو اپنے ایران اور سعودی عرب کے آئندہ دوروں سے متعلق آگاہ کیا جو وہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے قیام کے لئے کوششوں میں حمایت کے مقصد کے لئے کرنے جارہے ہیں۔
ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن وسلامتی کیلئے کی جانے والی تمام کاوشوں میں ترکی کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔