پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 11 جنوری 2021
 
ترکی کے وزیر خارجہ میولت چاوش اولواپنے وفد کے ہمراہ بارہ سے چودہ جنوری دوہزار اکیس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترک وزیر خارجہ پاکستان کے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کریں گے اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیا ل کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران ترک وزیر خارجہ وزیراعظم اور صدر مملکت سے بھی ملاقات کریں گے۔ 
 
دونوں وزرا خارجہ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کے علاوہ علاقائی اورعالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ 
 
وزیر خارجہ چاوش اولو کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان معمول کے اعلی سطحی روابط کا حصہ ہے۔ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران ان کا پاکستان کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔ 
 
پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترک عقیدے، ثقافت اور تاریخ پر مبنی گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں جو غیرمعمولی باہمی اعتماد اور احترام سے مزید ممتاز ہوتے ہیں۔
 
پاکستان اورترکی دوطرفہ تعلقات اعلی سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل (ایچ۔ایل۔ایس۔سی۔سی) کے تحت ادارہ جاتی شکل پاچکے ہیں جو فیصلہ سازی کا اعلی ترین فورم ہے جو اس شراکت داری کو مزید بڑھانے میں سمت نما کا کام کرتی ہے۔ فروری دوہزار بیس میں اسلام آباد میں سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے چھٹے دور کی صدر اردوان اور وزیراعظم عمران خان نے مشترکہ صدارت کی تھی۔ 
 
سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے چھٹے اجلاس کے موقع پر ’سٹرٹیجک اکنامک فریم ورک‘ (ایس۔ای۔ایف) پر دستخط ہوئے تھے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لئے اکتہرنکاتی اقدامات تجویز کئے گئے ۔ 
 
پاکستان اور ترکی باہمی مفاد کے امور پر اقوام متحدہ، ’او۔آئی۔سی‘ اور ’ای۔سی۔او‘ جیسے عالمی فورمز پر قریبی اشتراک عمل استوار رکھے ہوئے ہیں۔ ترکی جموں وکشمیر پر ’او۔آئی۔سی‘ رابطہ گروپ کا ایک اہم رکن ہے جس نے کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کے لئے مستقل حمایت کی ہے۔ 
 
ترک وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ 
٭٭٭٭٭
19/2021
Close Search Window