پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 22 جون 2020
 
پاکستان کی گزارش پر وزراءکی سطح پر اسلامی ممالک میں تعاون تنظیم (او۔آئی۔سی) کے جموں وکشمیر پر رابطہ گروپ کا اجلاس آج ہورہا ہے جس میں بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر غور ہوگا۔ 
 
’او۔آئی۔سی‘ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین کی زیرصدارت اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بھارت کے زیرقبضہ جموںوکشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور مسئلہ کے مختلف پہلووں سے شرکاءکو آگاہ کریں گے۔ 
 
’او۔آئی۔سی‘ رابطہ گروپ کے رکن ممالک آزربائیجان، نائیجر، سعودی عرب اور ترکی کے وزراءخارجہ کے علاوہ ’او۔آئی۔سی‘ کے غیرجانبدار مستقل انسانی حقوق کمشن (آئی۔پی۔ایچ۔آر۔سی) کے نمائندوں کی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔ صدر آزادریاست جموں وکشمیر اور کشمیری عوام کے حقیقی نمائندے ورچوئل اجلاس میں شرکت کریں گے۔ 
 
جموں وکشمیر پر ’او۔آئی۔سی‘رابطہ گروپ 1994 میں قائم کیاگیا تھا جس کا مقصد جموں وکشمیر کے تنازعہ پر اسلامی ممالک کی مشترکہ حکمت عملی اور ’او۔آئی۔سی‘ کے یکساں نکتہ نظر کو بیان کرنا تھا۔ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں 5 اگست2019 کے بھارت کے یک طرفہ اور غیرقانونی ا قدامات کے دن سے ’او۔آئی۔سی‘ رابطہ گروپ کا یہ تیسرا اجلاس ہے۔ 
 
خود ارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی جدوجہد میں’او۔آئی۔سی‘ نے جموں وکشمیر کے عوام کی بھرپور حمایت کی ہے۔ رابطہ گروپ کے اجلاس کے علاوہ ’او۔آئی۔سی‘ اور اس کے انسانی حقوق کے ادارے ’آئی۔پی۔ایچ۔آر۔سی‘ نے جموں وکشمیر کے معاملے پر مسلسل اپنا موقف بیان کیا ہے اور مذمت کرتے ہوئے بھارت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کو مسترد کیا ہے جبکہ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے محصور عوام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ 
 
’او۔آئی۔سی‘ کے سیکریٹری جنرل کے جموں وکشمیر کے لئے نمائندہ خصوصی سفیر الدوبئے نے مارچ 2020 میں کشمیری عوام کے ساتھ یک جہتی اور’او۔آئی۔سی‘ کی طرف سے حمایت کے اعادہ اور ’لائن آف کنٹرول‘ (ایل۔او۔سی) کی صورتحال کی تازہ ترین آگاہی کے لئے پاکستان اور آزادجموں وکشمیر کا دورہ کیا تھا۔  
265/2020
Close Search Window