پریس ریلیز|

(پریس ریلیز نمبر 95/2021)
جمہوریہ ازبکستان کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان

اسلام آباد: مورخہ 9 مارچ 2021

جمہوریہ ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کاملوف نو سے دس مارچ دوہزار اکیس کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مہمان وزیر خارجہ کاملوف سے بات چیت کریں گے جس میں دوطرفہ امور کے تمام پہلووں کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

قیادت کی بصیرت کی روشنی میں پاکستان کی توجہ معاشی شراکت داری کے فروغ، امن، ترقی اور رابطے بڑھانے پر مرکوز ہوگی۔

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان عقیدے، مشترک تاریخ اور ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی خوشگوار تعلقات استوار ہیں جوکثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ علاقائی اور عالمی اداروں خاص طورپر اقوام متحدہ، ’او۔آئی۔سی‘، ’ای۔سی۔او‘ اور ’ایس۔سی۔او‘ میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی اشتراک عمل استوار ہے۔

دونوں ممالک علاقائی رابطے بڑھانے خاص طورپر پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی جلد تعمیر کے لئے قریبی تعاون سے کام کررہے ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت وسرمایہ کاری جناب عبدالرزاق داود نے یکم سے تین فروری دوہزار اکیس کو تاشقند کا دورہ کیاتھا جس کے دوران ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی تعمیر کے روڈ میپ پر تینوں ممالک نے دستخط کئے تھے۔

وزیر خارجہ کاملوف کے دورے سے حالیہ دو طرفہ روابط کی رفتار مزید بڑھانے میں مدد ملے گی جبکہ باہمی مفاد کے شعبوں میں موجودہ دوطرفہ تعاون مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
٭٭٭٭٭

95/2021
Close Search Window