اپریل 6, 2021| پریس ریلیز|
روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ جناب سرگئی لاوروف 6 سے7 اپریل2021 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ روسی وزیر خارجہ وفود کی سطح پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے مذاکرات کریں گے۔ وہ وزیراعظم عمران خان کے علاوہ دیگر شخصیات سے ملاقات کریں گے۔
بات چیت کے دوران دونوں وزرا خارجہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیں گے اور مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے طریقوں پر بات چیت کریں گے۔ دونوں وزرا خارجہ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔
وزیر خارجہ لاوروف کا دورہ پاکستان اور روسی فیڈریشن کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط اور معمول کے اعلی سطحی رابطوں کا حصہ ہے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر خارجہ لاوروف کی جون2019 میں بشکیک میں منعقدہ ’شنگھائی تعاون تنظیم‘ (ایس۔سی۔او)کے سربراہی اجلاس اور ستمبر2020 میں ماسکو میں ’ایس۔سی۔او‘ وزرا خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی۔
پاکستان اور روس کے مابین باہمی احترام، اعتماد اور ہم آہنگی پر مبنی دوستانہ اور کوآپریٹو تعلقات استوار ہیں۔ سکیورٹی ودفاع، انسداد دہشت گردی اور افغان امن عمل سمیت باہمی مفاد کے وسیع امور پر دوطرفہ تعاون فروغ پارہا ہے۔ دونوں حکومتوں نے ماضی قریب میں معیشت، تجارت اور توانائی کے شعبہ جات میں اشتراک عمل کو گہرا کیا ہے۔
وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مدد ملے گی اور علاقائی وعالمی امور پر باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔
Last modified: اپریل 6, 2021
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.