پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 17 جنوری 2020

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر سفیر رابرٹ او برائن کی آج وائٹ ہاوس میں ملاقات ہوئی۔ ستمبر2019ءمیں قومی سلامتی کے مشیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد رابرٹ اوبرائن اور وزیرخارجہ کی یہ پہلی ملاقات تھی۔

وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر نے دوطرفہ تعلقات اور جنوبی ایشیاءومشرق وسطی میں چیلنجوں کے بارے میں بات کی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈٹرمپ نے گزشتہ سال امریکہ اور پاکستان کے درمیان وسیع البنیاد اور پائیدار شراکت داری کے لئے ایک مشترکہ وژن طے کیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ دوطرفہ معاشی وتجارتی تعلقات اس سوچ کو عملی شکل دینے میں کلید ہے۔

وزیرخارجہ نے قومی سلامتی مشیر کو خطے میں امن وسلامتی کی پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سفیر اوبرائن کو خلیج کے خطے کے اپنے حالیہ دورے اور سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا اور کشدگی میں کمی اور تنازعات کو سیاسی وسفارتی ذرائع سے حل کرنے کے پاکستان کی خواہش کواجاگر کیا۔ انہوں نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے پاکستان کی تشویش کا اظہارکیا کہ مشرق وسطی کے اثرات ہمسایہ ممالک اور عالمی معیشت کو متاثر کریں گے۔ انہوں نے خطے میں امن کے لئے کردار ادا کرنے کے لے پاکستان کی آمادگی کو اجاگر کیا۔

وزیرخارجہ نے قومی سلامتی کے امریکی مشیر او برائن کو بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا جو اگست 2019 کے بعد مزید مخدوش ہوچکی ہے اور بھارت نے جموں وکشمیر کو مکمل طورپر محصور کررکھاہے۔ صدر ٹرمپ کی جموں وکشمیر کے تنازعہ کے لئے ثالثی پر آمادگی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ امریکہ بھارت پر زور دے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کا محاصرہ ختم کرے، لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھانے سے باز آئے، کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے اور کشمیریوں کو اپنا استصواب رائے کا حق استعمال کرنے دے۔

وزیر خارجہ نے افغانستان میں امن ومصالحتی عمل کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

سفیر او برائن نے مشرق وسطی اور جنوبی ایشیاءمیں امن برقرار رکھنے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے افغانستان میں پرامن سیاسی تصفیہ کے حصول کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا اعتراف کیا۔
٭٭٭٭

35/2020
Close Search Window