جنوری 17, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ 17 جنوری 2020
ڈیموکریٹ سینیٹر کریس وان ہولین نے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان ہاﺅس میں آج ملاقات کی۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک پارٹنرشپ کو مزید وسعت اور تقویت دینے کا خواہاں ہے۔
وزیرخارجہ نے سینیٹر وان ہولین کو بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مسلسل لاک ڈاون کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں مخدوش ہوتی انسانی صورتحال پر سینیٹر وان ہولین کے مستقل اور اصولی موقف پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں سیاسی تصفیہ کے حصول کے لئے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیر خارجہ نے مشرق وسطی میں کشیدگی ختم کرنے کے لئے پاکستانی کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں اپنے حالیہ دورہ ایران اور سعودی عرب سے بھی انہیں آگاہ کیا۔
سینیٹروان ہولین نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ خطے میں امن واستحکام کے لئے امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری اہم رہی ہے۔ انہوں نے خطے بھر اور افغانستان میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔
سینیٹر وان ہولین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت ومعاشی تعاون میں اضافہ کی بھرپور حمایت کی۔ انہوںنے اکتوبر2019ءمیں اپنے دوہ پاکستان کے دوران پرتپاک مہمان نوازی کو سراہا جب انہوں نے آزادجموں وکشمیر کا دورہ بھی کیاتھا۔
٭٭٭٭
Last modified: جنوری 26, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.