پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
366/2020
سیکریٹری خارجہ سہیل محمودسے برطانوی وزیرمملکت برائے جنوبی ایشیاءودولت مشترکہ لارڈ طارق احمد کی وڈیوٹیلی کانفرنس
 
اسلام آباد: مورخہ 9 ستمبر2020
 
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سے برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیاءودولت مشترکہ لارڈ طارق احمد نے مورخہ آٹھ اگست دوہزار بیس کو وڈیو کال پر رابطہ کیا جس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال، ماحولیاتی تغیر اور دولت مشترکہ سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ 
 
پاکستان اور برطانیہ میں تاریخی روابط اورمختلف علاقائی اور عالمی امور پریکساں نکتہ نظر پر مبنی دوستانہ تعلقات استوار ہیں۔ اطراف نے باہمی تعاون میں مزید فروغ کے طریقہ ہائے کار سے متعلق بات چیت کی۔ 
 
دوطرفہ تعلقات میں اعلی سطح پر میل ملاقاتوں کی اہمیت، قریبی تجارتی ومعاشی شراکت داری، بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے بھرپور کردار کے باعث دوطرفہ تعلقات میں فعالیت ومضبوطی کواجاگر کیاگیا۔ اطراف نے قریبی اشتراک عمل کو سراہا جس کے نتیجے میں کورونا کی وجہ سے پھنس جانے والے شہریوں کی بروقت وطن واپسی ممکن ہوئی۔ 
 
علاقائی تناظر میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے افغانستان کے معاملہ پر پاکستان کے نکتہ نظر سے آگاہ کرتے ہوئے افغان امن عمل کے لئے پاکستان کی پختہ حمایت اور جلد ازجلد بین الافغان مذاکرات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افغانستان اور خطے میں پائیدار امن واستحکام کے لئے اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ 
 
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا کہ انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں، مقبوضہ خطے کی آبادی کاتناسب تبدیل کرنے کے لئے غیرقانونی اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں مسلسل اضافے اور بھارتی جنگی جنون کے باعث خطے کے امن وسلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ سیکریٹری خارجہ نے زوردیتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل اور اس خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
 
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے برطانوی وزیرمملکت کو دورہ پاکستان کی دعوت دوہرائی ۔ اطراف نے باہمی مفاد کے تمام شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
٭٭٭٭
366/2020
Close Search Window