پریس ریلیز|

(پریس ریلیز)
435/2020
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز میں مرکز برائے مشرق وسطی وافریقہ کا افتتاح کیا 
 
اسلام آباد: مورخہ 15 اکتوبر2020
 
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز (آئی۔ایس۔ایس۔آئی) اسلام آباد میں مرکز برائے مشرق وسطی وافریقہ کا افتتاح کیا۔ 
 
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے مشرق وسطی اور افریقہ کی سیاسی، معاشی اور سٹرٹیجک اہمیت بیان کی۔ مشرق وسطی اور افریقہ کے ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے ان خطوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ 
 
سیکریٹری خارجہ نے مشرق وسطی کے ممالک کے ساتھ بھائی چارے کے مضبوط بندھن کا حوالہ دیا جو ایک مذہب، ثقافت اور اقدار پر مبنی ہے۔ انہوں نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور مشرق وسطی کے ممالک تاریخ کے اہم مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے رہے۔ انہوں نے چالیس لاکھ سے زائد بیرون ملک پاکستانیوں کی کاوشوں کو سراہا جو مشرق وسطی میں رہائش پزیر ہیں اور خطے کے ممالک کے علاوہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے محنت سے کام کررہے ہیں۔ 
 
سیکریٹری خارجہ نے کہاکہ افریقہ اور پاکستان نوآبادیات کے خلاف کامیاب جدوجہد کرنے کی یکساں تاریخ رکھتے ہیں اور دونوں نے ترقی کے مراحل میں ایک طرح کی مشکلات کا سامنا کیا ہے ، یہ امر دونوں کے درمیان تعاون کی ایک مضبوط بنیاد بن سکتا ہے۔ انہوں نے شرکاءکو ”انگیج افریقہ“ کے عنوان سے افریقہ کے ساتھ روابط کے فروغ کی پاکستان کی کاوش سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ اس اقدام کا مقصد افریقہ کے خطے کے ساتھ اپنے سفارتی، سیاسی اور معاشی رابطے بڑھانا ہے۔ 
 
دونوں خطوں میں تیزی سے آنے والی تبدیلی کا اعتراف کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے علاقائی تبدیلیوں سے بہترآگاہی کے لئے عرق ریزی اور کوششوں کی ضرورت پر زوردیا۔ اس ضمن میں انہوں نے ’آئی۔ایس۔ایس۔آئی‘ کو مبارک دی کہ مرکز برائے مشرق وسطی اور افریقہ کے قیام کا قدم اٹھایا۔ سیکریٹری خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ مرکز ان خطوں میں وقوع پزیر تبدیلیوں سے بہتر آگہی کا باعث بننے کے علاوہ مضبوط شراکت داری استوار کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوگا۔ 
 
تقریب سے پاکستان میں کینیا کے ہائی کمشنر عزت مآب جولیس بیٹوک، ڈائریکٹر جنرل ’آئی۔ایس۔ایس۔آئی‘ سفیر اعزاز احمد چوہدری اور مرکز برائے مشرق وسطی وافریقہ کی ڈائریکٹر امینہ خان نے بھی خطاب کیا۔ 
٭٭٭٭٭
435/2020
Close Search Window