سیکریٹری خارجہ سہیل محمود کی آسیان ہیڈز آف مشنز کے ساتھ گول میز ملاقات کا انعقاد
اسلام آباد: مورخہ 5 مارچ 2021
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے اسلام آباد میں تعینات آسیان کے ہیڈز آف مشنز کے ساتھ راونڈ ٹیبل مذاکرہ کا آج اہتمام کیا۔
”وژن ایسٹ ایشیائ“ پالیسی کی روشنی میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے آسیان کے ساتھ تمام پہلووں سے شراکت داری کو مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خاص طورپر سیاسی، معاشی، سکیورٹی، سیاحتی، تعلیمی اور ثقافتی پہلووں سے قریبی تعاون استوار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
سیکریٹری خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ ترجیح دیتا ہے اور علاقائی تناظر میں آسیان کی مرکزیت کاادراک رکھتا ہے۔
سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے ان متعدد اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جو پاکستان نے آسیان ممالک سے روابط بڑھانے کے لئے کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان آسیان رکن ممالک سے تجارت اور معاشی روابط کو گہرا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ اقدامات پاکستان کے معاشی سفارت کاری کے اقدام کے تناظر میں اٹھائے جارہے ہیں جو قیادت کے جیو اکنامکس پر توجہ مرکوز ہونے کی سوچ کے تحت ہیں۔
ملاقات میں تجارت، باہمی سرمایہ کاری، سکیورٹی، دفاعی تعاون، سیاحت، تعلیم اور ثقافت کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں آسیان کے ادارہ جاتی وسیع طریقہ کار کو بھرپور طور پر بروئے کار لانے اور علاقائی معاشی جامع شراکت داری (آر۔ای۔سی۔پی) اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) جیسے دورس اثرات رکھنے والے اقدامات کرنے کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیاگیا۔
ملاقات میں ملائیشیائ، فلپائن، انڈونیشیائ، برونائی دارالسلام، میانمار، تھائی لینڈ اور ویتنام کے ہیڈز آف مشنز نے شرکت کی۔
پاکستان 1993 سے آسیان کا سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر اور 2004 سے آسیان علاقائی فورم (اے۔آر۔ایف)کا رکن ہے۔