پاکستان غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں محرم کے جلوس میں حصہ لینے والے مسلمانوں پر پیلٹ گنزاور آنسو گیس کی شیلنگ کی شدید مذمت کرتا ہے۔ پیلٹ گنز کے غیرقانونی اور بلاامتیاز استعمال کے نتیجے میں درجنوں کشمیریوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ان میں آنکھوں کے زخم بھی شامل ہیں جو بصارت مکمل ختم ہونے کا باعث ہیں۔
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج 2010 سے پیلٹ گنز اور مہلک بارود استعمال کررہی ہیں جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں جبکہ عورتوں اور بچوں سمیت ہزاروں کشمیری شدید زخمی ہوچکے ہیں۔ اس مہلک مہم میں خاص طورپر نوجوان کشمیری نسل کو نشانہ بنایاجارہا ہے۔
بلاامتیاز شہریوں کو پیلٹ گنز سے نشانہ بنانے کے نتیجے میں شہریوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتیںہوچکی ہیں اور انہیں شدید نوعیت کے مستقل زخم آئے ہیں جو عالمی قانون اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ بھارتی حکومت’ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ذریعے آتشیں اسلحہ کے استعمال‘ کے بارے میں اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں اور’ لاءانفورسمنٹ آفیشلز کے لئے اقوام متحدہ کے ضابطہ اخلاق ‘کی کھلی خلاف ورزی کررہی ہے۔
’بی۔جے۔پی‘ قیادت یاد رکھے کہ وہ بھارتی افواج کے غیرقانونی اقدامات کی براہ راست ذمہ دار ہے۔ مسلح افواج کے خصوصی اختیارات اور تحفظ عامہ (پی۔ایس۔اے) جیسے غیرقانونی اقدامات کے ذریعے بھارت اپنے جرائم چھپا نہیں سکتا کیونکہ ایسے اقدامات کوعالمی قانون تسلیم نہیں کرتا۔
عالمی برادری غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں کا فوری ادراک کرے اورہر وہ اقدام کرے جس سے بھارت کو اس کی غیرقانونی کارروائیوں پر کٹہرے میں کھڑا کرکے محاسبہ کیاجائے ۔ بھارت کو پابند بنایاجائے کہ وہ تمام عالمی قانونی ذمہ داریاں پوری کرے