Homeپریس ریلیزغیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں مذہبی اجتماعات اور جلوسوں پر پابندی اور کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادتوں کی پاکستان کی جانب سے شدید مذمت
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں مذہبی اجتماعات اور جلوسوں پر پابندی اور کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادتوں کی پاکستان کی جانب سے شدید مذمت
پاکستان غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے شوپیاں کے علاقے میں جعلی مقابلے میں چار کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ محرم کے موقع پر مذہبی اجتماعات اور جلوسوں پر پابندیاں عائد کرنا بھی انتہائی قابل مذمت ہے۔
گزشتہ ایک برس کے دوران بھارتی قابض فوج کے جعلی مقابلوں، نام نہاد ”چھاپوں اور تلاشی“ کی کارروائیوں میں خواتین اور بچوں سمیت تین سو کے قریب بے گناہ کشمیریوں کی شہادت ہوئی جن میں جبروتشدد کے دیگر واقعات، پیلٹ گنز کا استعمال بھی شامل ہے۔
قتل، تشدد، جبری گمشدگیوں اور قیدوبند کے ذریعے کشمیریوں کو دبانے کے لئے بھارت کے ظالمانہ غیرانسانی ہتھکنڈے ماضی میں بھی ناکام ہوئے اور مستقبل میں بھی ان کے ذریعے کشمیریوں کو غلام نہیں بنایاجاسکتا۔ رابطوں اور نقل وحرکت پر طویل بندش اور خواتین ومرد صحافیوں سمیت میڈیا کا گلادبانے اور دبانے کی بھارتی کوششیں اس امر کا بین ثبوت ہیں کہ ’آر۔ایس۔ایس‘، ’بی۔جے۔پی‘ حکومت کشمیریوں کو جبرواستبداد اور ظلم کے شدید ہتھکنڈوں کا نشانہ بنارہی ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کا عزم متزلزل نہیں کرسکتی اور نہ ہی ان بہیمانہ طریقوں سے ان کے استصواب رائے کے لئے ناقابل تنسیخ حق سے ہی انہیں محروم کیاجاسکتا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج ہے۔
عالمی برادری کشمیری عوام کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا مواخذہ کرے۔ بھارت کوکشمیری عوام کے زندگی سمیت دیگر بنیادی حقوق کے احترام اور عالمی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند بنایاجائے۔
اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی یہ اجتماعی ذمہ داری ہے کہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں وکشمیر کے پرامن اور مستقل حل کے لئے کام کرے تاکہ جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن اور استحکام قائم ہوسکے۔
پاکستان غیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے غیرقانونی اور ناقابل قبول اقدامات کو بے نقاب کرتا رہے گا اور استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کی بھرپور مدد کرتا رہے گا۔