آج مورخہ 13 اکتوبر2020 کو ہم کورونا عالمی وباءکے دوران حادثات وقدرتی آفات کے خطرات کم کرنے کا عالمی دن منارہے ہیں۔
قدرتی آفات کا اکثر نشانہ بننے والے ملک کے طورپر پاکستان نے پالیسی ڈویلپمنٹ، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے، اشتراک عمل اور ہم آہنگی کے شعبے میںنمایاں پیش رفت کی ہے۔ ہم نے ایسے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے قومی، صوبائی اور مقامی (ضلع کی ) سطح پر اپنے اداروں کی استعداد کو بڑھایا ہے۔ ہمارے گورننس سسٹم کی قوت کو کورونا عالمی وباءکی پہلی لہر میں پرکھاگیا۔ ہم ابتدائی پھیلاو کامیابی سے روک پائے، ہم اس کے طویل المدتی سماجی ومعاشی اثرات ونتائج میں کمی لارہے ہیں۔
پاکستان نے اپنا نیا ”نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس پلان 2019“ شروع کیا ہے تاکہ تیاری کی سطح بہتر ہو اور ایسے حالات کا سامنا کرنے کی بہتر صلاحیت پیدا ہو جن میں سیلاب، زلزلے، تودے گرنا، قحط اور صنعتی خطرات سے نبردآزما ہونا شامل ہے۔
آفات وحادثات سے لاحق خطرات میں کمی کے عالمی دن پر پاکستان اعادہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر انٹرنیشنل پلیٹ فارمز کے تحت ایک دوسرے کے تجربات، علم وآگہی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لئے کوششیں تیز کی جائیں تاکہ ایسے خطرات میں کمی ہو اور جانیں بچانا ممکن ہوسکے۔