پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 21 جنوری 2020

وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی ڈیووس میں ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کی ڈیووس آمد کے بعد یہ پہلی مصروفیت تھی جہاں دونوں رہنما عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) میں شرکت کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ نے دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے سلسلے میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقہ ہائے کار پر اتفاق کیا اور اس ضمن میں گفتگو کی۔

دونوں اطراف نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی صورتحال پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے حل میں امریکی معاونت کے کردار کی ضرورت پر زوردیا جس کا حل جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن کے لئے ناگزیر ہے۔ صدر ٹرمپ نے جموں وکشمیر کے تنازعے کے لئے کام کرنے، پاکستان اور بھارت میں تناو کم کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے آمادگی کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں اطراف نے افغان امن ومصالحتی عمل آگے بڑھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

مشرق وسطی اور خلیج کی وقوع پزیر صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے امریکی صدر کو خطے میں کشیدگی میں کمی کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فریقین کو زیادہ سے زیادہ ضبط وتحمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور تنازعات کے حل کے لئے سفارتی ذرائع کو بروئے کارلائیں۔
٭٭

41/2020
Close Search Window