جنوری 22, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ 21 جنوری 2020
وزیراعظم عمران خان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے عالمی اقتصادی فورم کے انعقاد کے موقع پر ڈیووس میں ملاقات ہوئی۔
دونوں رہنماوں نے پاکستان اور آذربائیجان میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا جو باہمی اعتماد اور حمایت کے جذبے پر استوار ہیں۔
وزیراعظم نے جموں وکشمیر پر اوآئی سی رابطہ گروپ کے رکن کے طور پر آذربائیجان کی قابل قدر کاوشوں کو سراہتے ہوئے نگورنوکاراباخ کے مسئلے پر پاکستان کی طرف سے آذربائیجان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر علیوف نے نگورونوکاراباخ کے معاملے پر پاکستان کی حمایت پر تشکر کا اظہارکیا۔
وزیراعظم نے صدر علیوف کو بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں اور گزشتہ برس 5 اگست کو بھارتی حکومت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے تباہ کن اثرات کے بارے میں آگاہ کیا جس کے ساتھ غیرانسانی کرفیو کا نفاذ آج کی تاریخ تک مسلسل جاری ہے۔
دونوں اطراف نے ہر فورم پر قومی مفادات پر ایک دوسرے کی باہمی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کوبھرپور فروغ دیاجائے گا۔
ملاقات میں دوطرفہ روابط اور اعلی ترین سطح پر ملاقاتوں کے فروغ پر اتفاق کیاگیا۔ صدر علیوف نے وزیراعظم عمران خان کو آذربائیجان کے دورے کی بھی دعوت دی۔
٭
Last modified: جنوری 26, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.