وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ایران کے پاکستان میں سفیر سید محمد علی حسینی نے آج ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے سفیر علی حسینی کو پاکستان میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور ان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط روایتی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد کے تمام شعبہ جات میں تعاون اور اشتراک بڑھانے کی اہمیت پر زوردیا۔
تہران کے قبل ازیں دورہ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ وہ ایرانی قیادت سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ ایران کایہ دورہ وہ پاکستان کی ان کوششوں کے سلسلے میں کر رہے ہیں جن کا مقصد کشیدگی کم کرنے میں مدد فراہم کرنا اور تمام تنازعات واختلافات کو سفارتی ذرائع سے حل کرنا ہے۔
ایرانی سفیر نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی مفاد کے تمام شعبہ جات میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔