وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ جناب گلبدین حکمت یار کی ملاقات
اسلام آباد: مورخہ 19 اکتوبر2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ جناب گلبدین حکمت یار نے آج ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ اور اخوت کی بنیاد پر قائم تاریخی تعلقات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زوردیتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے پرامن، مستحکم، متحد، جمہوری، خودمختار اور خوشحال افغانستان کی حمایت کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ زوردیا ہے کہ افغانستان کے تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کی امن عمل میں سہولت کاری کے نتیجے میں 29 فروری 2020 کو دوہا میں امریکہ طالبان امن معاہدہ اور بین الافغان مذاکرات کا انعقاد ممکن ہوا۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانوں کی قیادت میں افغانوں کو قبول عمل کے ذریعے اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے زور دیا کہ تمام فریقین اپنے عہد کی پاسداری اور تشدد میں کمی کے لئے کام کریں تاکہ جنگ بندی کی راہ ہموار ہو۔ افغان رہنما افغانستان میں پائیدار امن کے حصول کا تاریخی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے داخلی اور خارجی سطح پر امن کو ’خراب‘ کرنے والوں کے کردار پر نگاہ رکھنے اور ان سے ہوشیار رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تعمیر نو اور معاشی ترقی کے سفر میں افغانستان کی مدد کے علاوہ ٹرانزٹ ٹریڈ اور دوطرفہ تجارتی تعلقات میں بہتری کے لئے پاکستان کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان مہاجرین کی عزت ووقار کے ساتھ اپنے گھروں کو واپسی کو امن عمل کا حصہ بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
گلبدین حکمت یار پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہیں جس کے دوران وہ سیاسی و پارلیمانی قیادت اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔