فروری 19, 2020| پریس ریلیز|
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی (ایس آر ایس جی) تادامیچی یاماموتو نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ انہوں نے وزیرخارجہ کو اقوام متحدہ کے افغانستان کے لئے اعانت مشن کے دائرہ اختیار اور افغانستان میں اس کی موجودہ سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کے قریبی تعاون اور ’یواین اے ایم اے‘ کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
وزیرخارجہ نے بتایا کہ معاشی خوشحالی اور رابطے استوار کرنے کی پاکستان کی سوچ اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتی جب تک افغانستان امن، استحکام اور خوشحالی سے ہمکنار نہیں ہوگا۔ انہوں نے افغانوں کی قیادت میں افغانوں کو قبول امن اور مفاہمتی عمل کی پختہ حمایت کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
’پاکستان میں افغان مہاجرین کے قیام کو چالیس سال ہونے پر عالمی کانفرنس‘ کے 17 سے 18 فروری 2020 کو انعقاد کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کی محفوظ اور باعزت اپنے گھروں کو واپسی کے لئے عزم کااعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی برادری افغانستان میں امن کے قیام اور افغانستان کے اندر ”انخلاءکے عوامل“ پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی یاما موتو نے چالیس سال سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی اوراس ضمن میں کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس کے ذریعے اس اہم معاملے کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے میں مدد ملے گی۔
Last modified: فروری 19, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.