جنوری 28, 2020| پریس ریلیز|
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 29 تا 30 جنوری 2020 کینیا کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وزیرخارجہ کی کینیا کی قیادت، خارجہ امور و بین الاقوامی تجارت، افریقی کمیونیٹی، شمالی راہداری کی ترقی، ٹرانسپورٹ وبندرگاہیں، تجارت وصنعت اور کوآپریٹوز کے کبینٹ سیکریٹریز سے ملاقاتیں ہوں گی۔
اپنی نوعیت کی اولین ’پاکستان افریقہ ترقی‘ کے عنوان سے اس کانفرنس کا انعقاد پاکستان کی خارجہ امور اور تجارت کی وزارتوں نے مشترکہ طورپر کیا ہے جو 30 تا 31 جنوری 2020 کو نیروبی میں ہوگی۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے علاوہ مشیر تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت وپیداوار وسرمایہ کاری جناب عبدالرزاق داود کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ وزیرخارجہ اور مشیر تجارت کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
کینیا کی کابینہ کے ارکان کے علاوہ افریقی ریاستوں اور افریقہ میں پاکستانی سفراءبھی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ کانفرنس میں پاکستان سے بڑی تعداد میں کاروباری شخصیات شرکت کریں گی جن کی افریقہ کی کاروباری برادری سے ملاقاتیں ہوں گی۔ امکان ہے کہ کانفرنس میں 300 کے قریب شرکاءشرکت کریں گے۔
افریقی اتحاد کی مضبوطی، ترقی کی تیز ہوتی ہوئی رفتار کے ضمن میں پاکستان کی صلاحیت سے ہمکنار ہونے،باہمی رابطے بڑھانے اورشراکت داری سے دونوں اطراف کو یکساں فوائد حاصل ہوں گے۔ یہ شراکت داری کے امکانات کے نئے دریچے کھولنے کا باعث بنے گی۔ کانفرنس حکومتی اور کاروباری برادری کی سطح پر باہمی رابطے بڑھانے کے مواقع فراہم کرے گی۔ یہ کانفرنس پاکستان اور افریقہ کی کاروباری برادری کے لئے میل جول اور رابطوں کے علاوہ ان شعبہ جات کی نشاندہی میں بھی ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگی جس میں دونوں طرف کے کاروباری حضرات تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ کانفرنس معاشی تعاون کے فروغ کی تجاویز کی تیاری میں بھی اہم موقع فراہم کرے گی۔
یہ کانفرنس ’اینگیج افریقہ‘ کے پاکستان کے اقدام کا حصہ ہے جو وزیراعظم عمران خان کی اس بصیرت کی روشنی میں منعقد ہورہی ہے کہ معاشی سفارتکاری کے ذریعے افریقہ کے خطے کے ساتھ قریبی سیاسی و معاشی تعلقات استوار کئے جائیں۔
پاکستان افریقہ کا دیرینہ شراکت دار ہے۔ نوآبادیاتی چنگل سے نجات کی جدوجہد سے لے کر اقوام متحدہ کے تحت بڑے پیمانے پر ہونے والی امن کارروائیوں میں شرکت کے ذریعے امن وسلامتی میں معاونت میں پاکستان نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان کینیا سمیت دیگر افریقی شراکت داروں کے ساتھ قریبی خوشگوار تعلقات رکھتا ہے جو باہمی مفاد، باہمی احترام اور ایک دوسرے کی مدد پر مبنی ہیں۔ وزیر خارجہ کے دورے سے ان تاریخی دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کی نئی راہیں کھولنے میں مددملے گی۔
٭٭٭٭
Last modified: جنوری 28, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.