پریس ریلیز|

وزیراعظم عمران خان کی 5 فروری 2020 کو یوم یک جہتی کشمیر پر کشمیری قیادت سے ملاقاتوں اور آزادجموں وکشمیر مجلس قانون ساز سے خطاب کے تسلسل میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آزاد جموں وکشمیر کی پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کے وفد سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد میں کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے قائدین بھی شامل تھے۔ ملاقاتوںمیں وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان محمدامین گنڈاپور بھی موجود تھے۔

ملاقاتوں کا مقصد بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی مسلسل مخدوش ہوتی صورتحال پر تبادلہ خیال اور کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے حوالے سے جاری بین الاقوامی مہم کو مزید تیز کرنے پر مشاورت کرنا تھا۔ شرکاءنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کشمیری عوام کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے بالخصوص 5 اگست 2019ءکے غیرقانونی اور یک طرفہ بھارتی اقدامات اور جبروستم کی نئی لہر کے خلاف کشمیری عوام کے مزاحمت کے بے مثال جذبے، جرات اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔ بھارتی قابض افواج کی جانب سے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور عالمی انسانی قوانین سے مکمل لاتعلقی کے رویہ کی شدید مذمت کی گئی۔

شرکاءنے زوردیا کہ بھارتی جنگی جنون اور جارحانہ اقدامات سے علاقائی امن وسلامتی کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ بھارت اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں لاک ڈاون، مواصلاتی وابلاغی قدغنوں کو فوری ختم کرے، قید کشمیری قیادت اور بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو رہا کرے جن میں سے اکثر کو ان کے گھروالوں سے دور کہیں نامعلوم مقامات پر قید کیاگیا ہے۔

شرکاءنے زوردیا کہ جموں وکشمیر کا واحدحل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عمل درآمد سے ہی ممکن ہے۔ سات دہائیاں گزرنے کے باوجود ان قراردادوں پر عمل نہ ہونا عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر سوال ہے۔

کشمیری قیادت نے کشمیری عوام کی بھرپور حمایت پر پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر، بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو تمام عالمی فورمز پرموثر انداز سے اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زوردے کر کہا کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی محور ومرکز رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

وزیر خارجہ نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ، مسئلہ کے حل کے عمل میں کشمیریوں کی شمولیت لازم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازعہ کشمیرکا منصفانہ اور پائیدار حل جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن و استحکام کے لئے بھی ضروری امر ہے۔

69/2020
Close Search Window