جنوری 5, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد : مورخہ 5 جنوری 2020ء
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آج ٹیلی فون پر سعودی عرب، ایران، متحدہ عرب امارات (یواے ای) اور ترکی کے ہم مناصب سے گفتگو کی۔
خطے میں وقوع پزیر صورتحال پر وسیع تر تبادلہ خیال کیاگیا۔
پیش آمدہ حالیہ واقعات پر پاکستان کی گہری تشویش کو بیان کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تنازعہ سے بچنے، تحمل کے زیادہ سے زیادہ مظاہرے اور کشیدگی میں کمی کے ناگزیر ہونے پر زوردیا۔
انہوںنے تمام متعلقہ فریقین سے اقوام متحدہ کے منشوراور عالمی قانون کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے اختلافات پرامن ذرائع سے حل کرنے کے لئے کہا۔
وزیرخارجہ نے اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے دے گا نہ ہی خطے کے کسی تنازعہ کا حصہ ہی بنے گا۔
پاکستان کے نکتہ نظر کو بیان کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ افغان امن عمل میں حاصل ہونے والی پیش رفت کو محفوظ بناتے ہوئے اسے مزید آگے بڑھایاجائے گا۔
وزیر خارجہ نے اعادہ کیا کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور مزید کشیدگی سے بچنے کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔
Last modified: جنوری 9, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.