پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 10 جنوری2020

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ’ایف ایم کنیکٹ‘ سلسلے کے تحت ماہرین تعلیم، سوچ بچاروتحقیق کرنے والے اداروں (تھنک ٹینکس) کے تجزیہ کاروں اور دانشوروں سے نوجنوری کو تفصیلی مشاورتی اجلاس کیا۔

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ’ایف ایم کنیکٹ‘سلسلے کا آغاز 2019ءمیں کیاتھا۔ اس تصور کی بنیاد تمام متعلقہ فریقین اور وزیرخارجہ میں رابطے کو بہتر اور موثر بنانا ہے۔ غیررسمی اور بات چیت کے کھلے انداز کی حامل اس نشست کے ذریعے وزیرخارجہ نے اپنے دفتر کے دروازے نئے خیالات اور ان پر بحث مباحثے کے لئے کھول دئیے ہیں تاکہ تبادلہ خیال کو فروغ حاصل ہو۔

ابتدائی دو نشستوں میں وزیرخارجہ نے بالترتیب پاکستان میں موجود غیرملکی میڈیا اور کاروباری نمائندوں سے ملاقات کی تھی۔

تیسری نشست میں محقیقین، دانشور اور ماہرین جمع ہوئے جنہوں نے تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی امور پر وزیرخارجہ کو اپنی سفارشات پیش کیں۔ وزیرخارجہ نے جدید تقاضوں کے ساتھ خارجہ پالیسی کو ہم آہنگ بنانے کے لئے ان کی آراءاور تجاویز کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اپنے شعبہ کے ماہرین اور دانشوروں کی آراءکے حصول کا مقصد پاکستان کی خارجہ پالیسی پر مثبت اثرات اور اس کا وسیع پیمانے پر ابلاغ ہے اور اس کے ذریعے حکومت کا حتمی مقصد یہ ہے کہ پاکستان کی پالیسیوں کو مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ فعال انداز میں مرتب کیاجاسکے۔

’ایف ایم کنیکٹ‘ وزیرخارجہ کے اس عزم کی روشنی میں کام کررہا ہے کہ دفتر خارجہ کو کمیونیکیشنز، اشتراک عمل اور جدت کے ایک نئے دورمیں داخل کیاجائے۔

15/2020
Close Search Window