پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 31 جنوری 2020
 
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے آج ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیر خارجہ نے چین میں کرونا وائرس کی وجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔ انہوں نے وائر پر قابو پانے کے لئے چینی حکومت کی طرف سے انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں چین کے ساتھ ہیں اور اس کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ 
 
وزیرخارجہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے فیلڈ ہسپتال اور ڈاکٹرچین بھجوانے کی پیشکش کی تاکہ وائرس سے بچاو کی کوششوں میں برادر چینی عوام کی مدد کرسکیں۔ وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ چینی عوام صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کی قیادت میں اس چیلنج سے نمٹنے میں کامیاب ہوں گے اور اس مشکل صورتحال سے مزید طاقتور بن کر نکلیں گے۔ انہوں نے ووہان میں پاکستانی طالب علموں کی مدد سے متعلق اقدامات پرچینی حکام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ چین میں مقیم پاکستانیوں کی حفاظت کے لئے بیجنگ ہر ممکنہ اقدامات کرے گا۔ 
 
سٹیٹ قونصلر وانگ یی نے کرونا وائرس سے نبردآزما ہونے کی اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی طرف سے چینی عوام کے ساتھ بھرپور یک جہتی کے اظہار پر وزیراعظم لی کی چیانگ کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے لئے خیرسگالی کا خصوصی پیغام دیا۔ انہوںنے وائرس سے نبردآزما ہونے میں چین کی مدد اور معاونت پربھی شکریہ ادا کیا۔ 
 
سٹیٹ قونصلر وانگ یی نے زوردیا کہ چین اس وائرس پر قابو پانے کے لئے موثر، فوری اور تیزی سے اقدامات کررہا ہے۔ عالمی سطح پر ان کوششوں کا اعتراف کیاگیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت نے وائرس سے نجات کے لئے چین کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہارکیا ہے ۔ انہوںنے ہسپتال اور پاکستانی ڈاکٹرز کا گروپ چین بھجوانے کی پیشکش پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ چین میں مقیم پاکستانی طالب علموں کو ہم اپنے طالب علموں کی طرح سمجھتے ہیںاور ان کے ساتھ اپنوں والا برتاو کیاجارہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چین کی حکومت پاکستانی طالب علموں کی حفاظت، صحت اور فلاح وبہبودکو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے۔ 
57/2020
Close Search Window