پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 10 اپریل 2020

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمہوریہ کوریا کی وزیرخارجہ کینگ کیونگ وا سے آج صبح ٹیلی فون پر گفتگو کی اور کورونا کی وباءاور اس کے اثرات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لئے جنوبی کوریا کی حکومت کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا جن کی پزیرائی عالمی برادری نے بھی وسیع طورپر کی ہے۔ انہوں نے جنوبی کوریا میں مقیم پاکستانی باشندوں کی مدد پر جمہوریہ کوریا کی حکومت کا شکریہ اداکیا۔

وزیر خارجہ نے جنوبی کوریا کی اپنی ہم منصب کو کورونا وبا پرقابو پانے کے لئے پاکستان کی کوششوں اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کی ترقی پزیر ممالک کے ذمے قرضوں میں ریلیف دینے اور ری سٹرکچرنگ کی تجویز کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بروقت مددسے غریب ممالک اپنے وسائل اس مرض پر قابو پانے اور اپنے عوام کی زندگیاں بچانے کے علاوہ گرتی ہوئی معیشتوں کو سنبھالنے کے لئے بروئے کار لاسکتے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جاری قدغنوں پر تشویش کا اظہارکیا جس سے اس وباءکے نتیجے میں عوام کوادویات اور دیگر ضروری اشیاءکی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دونوں اطراف نے اتفاق کیا کہ عالمی وباءسے نمٹنے میں قریبی عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔ دونوں وزراءخارجہ نے کورونا وبا اور باہمی دلچسپی کے امور پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
٭٭٭٭

161/2020
Close Search Window