جولائی 1, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ یکم جولائی 2020
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے خارجہ امور وسکیورٹی پالیسی کے اعلی نمائندے جناب جوزف بوریل سے آج ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا کی وجہ سے یورپ میں اموات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے یورپی کمشن کی عالمی وبا کی روک تھام کے لئے اشتراکی حکمت عملی کو بھی سراہا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حکومت پاکستان کی جانب سے عوام کی جان اور روزگار بچانے کے ساتھ معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کورونا وباءسے نمٹنے کے لئے کوششوں میں پاکستان کی مدد کرنے پر یورپی یونین کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا کے بعد پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون میں اضافے کی خواہش سے آگاہ کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یورپی یونین کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد پاکستانی شہریوں کو کسی پابندی یا امتیازی سلوک کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یورپی یونین کے اعلی نمائندے نے پاکستان اور یورپی یونین میں تجارت، جی۔ایس۔پی پلس کے آئندہ مرحلے اور سٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان (ایس۔ای۔پی) کو جلد فعال کرنے سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تجویز کیا کہ نقل مکانی وہجرت سے متعلق امور پردونوں اطراف سٹرکچرڈ ڈائیلاگ شروع کرسکتی ہیں اور پاکستان سے ہنرمندافرادی قوت کو مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ’یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی‘(ای۔اے۔ایس۔اے) کے پی آئی اے پروازوں کے یورپ میں داخلے پر عارضی معطلی کے فیصلے پر تشویش کااظہار کیا۔ انہوں نے اجاگر کیا کہ حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کا مقصد پی آئی اے آپریشنز میں اعلی درجے کے حفاظتی معیار کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے ائیر آپریشنزکے اعلی ترین معیار کو برقراررکھنے کے لئے پرعزم ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زوردیا کہ ”ایسا‘ ‘کے اپنے فیصلے پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے اپنے ہم منصب کو بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال اور ناجائز قبضہ برقرار رکھنے کے لئے بھارت کے تازہ ہتھکنڈوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سنگین صورتحال میں بہتری کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
علاقائی تناظر میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانوں کوقبول اور افغانوں کی اپنی قیادت میں امن اور مصالحتی عمل کی پاکستان کی طرف سے حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس ضمن میں پاکستان کی مثبت کاوشوں کواجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن علاقائی امن وسلامتی اور خوشحالی کے لئے ناگزیر ے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے اپنے ہم منصب کو یقین دلایا کہ پاکستان امن عمل میں سہولت کاری کے لئے اپنا کردار ایک مشترکہ ذمہ داری کے طورپر ادا کرتا رہے گا۔
یورپی یونین کے اعلی نمائندے نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان سٹاک ایکسچینج پردہشت گرد حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے اعلی نمائندے کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے خلاف بیرونی مدد سے دہشت گردی اور پاکستان کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد گروہوں کو بھارت کی طرف سے مادی مدد فراہم کرنے پر پاکستان کی تشویش کا اظہارکیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا کے بعد یورپی یونین کے اعلی نمائندے کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کرلیا۔ جناب بوریل نے کہاکہ وہ مستقبل قریب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو برسلز میں خوش آمدید کہنے کے لئے منتظر ہیں۔
٭٭٭٭٭
Last modified: جولائی 17, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.