جنوری 20, 2020| پریس ریلیز|
اسلام آباد: مورخہ20 جنوری 2020
وزیراعظم عمران خان 21 سے 23 جنوری 2020 کو ڈیووس، سویٹزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) میں شرکت کریں گے۔عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چئیرمین پروفیسر کلاوس شواب کی دعوت پر وزیراعظم اس فورم میں شرکت کررہے ہیں۔
نشست کا موضوع ”پائیداراورہم آہنگ دنیا کے فریق“ ہے۔
اس سال فورم اپنی پچاسویں سالگرہ منارہا ہے۔ اس سنگ میل کو عبور کرتے ہوئے سیاسی رہنما، کاروباری ایگزیکٹوز، عالمی اداروں کے سربراہان اور سول سوسائیٹی کے نمائندے موجودہ معاشی، جیوپولیٹیکل اور ماحولیاتی موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دو کلیدی نکات سرگرمیاں وزیراعظم کے دورہ کے دوران خاص اہمیت رکھتی ہیں۔ ان میں سے ایک وزیراعظم کا عالمی اقتصادی فورم کی خصوصی نشست سے کلیدی خطاب ہے جبکہ دوسری اہم ترین مصروفیت سی ای اوز اور کارپوریٹ لیڈرز سے ”پاکستان سٹرٹیجی ڈائیلاگ“ ہے۔
وزیراعظم فورم کے اجلاس کے موقع پر دنیا کے متعدد رہنماوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں وزیراعظم کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی شامل ہے۔ یہ قیادت کی سطح پر تیسری ملاقات ہوگی جو وزیراعظم کے جولائی 2019ءمیں واشنگٹن کے دورے کے بعد امریکہ اور پاکستان کی قیادت کے درمیان ہوگی۔
کارپوریٹ، بزنس، ٹیکنالوجی اور عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتیں بھی وزیراعظم کی مصروفیات میں شامل ہیں۔
وزیراعظم عالمی میڈیا کے نمائندوں اور ایڈیٹرز سے بھی ملاقات کریں گے۔
ڈیووس میں مصروفیات کے دوران وزیراعظم پاکستان کی سوچ اور معیشت، امن واستحکام ، تجارت، کاروباراور سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں دنیا کو آگاہ کریں گے۔ وہ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورتحال اجاگر کریں گے اور کلیدی علاقائی اور عالمی موضوعات پر پاکستان کے نکتہ نگاہ سے آگاہ کریں گے۔
٭٭٭
Last modified: جنوری 26, 2020
Our foreign policy is one of friendliness and goodwill towards all the nations of the world.