پریس ریلیز|

اسلام آباد: مورخہ 5 فروری 2021
پانچ فروری کے اس دن پر ہم ایک بارپھر غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بسنے والے کشمیریوں کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ پوری پاکستانی قوم استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق کی جدوجہد کرنے والے اپنے بہادر کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔

بھارت کی جانب سے غیرقانونی طورپر اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے مسلسل فوجی محاصرے کو اٹھارہ ماہ گزر چکے ہیں جہاں کشمیریوں کو ان ہی کے گھروں میں قید کردیاگیا ہے، رسل ورسائل مسدود اور ذرائع ابلاغ بدترین پابندیوں کا شکار ہیں۔ کشمیری قیادت قیدوبند کی صعوبتوں میں ہے۔ کورونا عالمی وبا کی ہلاکت خیزی میں کشمیری دم گھونٹ دینے والے فوجی محاصرہ میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض فوج کی چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں، جعلی ”مقابلوں“ کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل عام جاری ہے جس نے پہلے سے تکالیف کے شکار انسانوں کی مشکلات اور مصائب کو مزید گھمبیر بنادیا ہے۔

انتہائ پسندانہ ”ہندتوا“ سوچ پر کاربند ’آر۔ایس۔ایس‘،’بی۔جے۔پی‘ حکومت مقبوضہ خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مذموم سازش پرعمل پیرا ہے تاکہ کشمیریوں سے ان کی منفرد شناخت اور پہچان چھین لی جائے۔ سکونت اور جائیداد سے متعلق قاعدے قوانین میں تبدیلی کے علاوہ اردو زبان کی سرکاری حیثیت کو بھی بدل دیاگیا ہے، یہ سب اقدامات اس مذموم مہم کا حصہ ہیں۔

عالمی میڈیا، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، انسانی حقوق کے لئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر، دنیا کی پارلیمانوں، انسانی حقوق اور سول سوسائیٹی تنظیموں نے غیرقانونی قانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں ٹرائل کے بغیر حراست، پیلٹ گنز کے استعمال اور ماورائے عدالت ہلاکتوں سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ہے۔

عالمی برادری کشمیریوں کی بنیادی آزادیوںکے تحفظ اور بنیادی انسانی حقوق کی حمایت میں اپنا کردار جاری رکھتے ہوئے بھارت پر زور دے کہ اقوام متحدہ کے حقائق جاننے کے مشن کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی اجازت دے۔ بھارت اقوام متحدہ کے بھارت اور پاکستان کے لئے مبصر گروپ (یو۔این۔ایم۔او۔جی۔آئی۔پی) کو تفویض کردہ مینڈیٹ کے مطابق اپنے فرائض انجام دینے کے لئے رسائی فراہم کرے۔ بھارت کچھ چھپانا نہیں چاہتا تو بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور سول سوسائیٹی کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے دورے اور وہاں انسانی حقوق کی صورتحال کو رپورٹ کرنے کی اجازت دے۔

پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے خلاف سنگین جرائم کے ارتکاب پر بھارت کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی مکمل حمایت کے اپنے عہد کا بھی اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان اس وقت تک کشمیریوں کا ساتھ دیتا رہے گا جب تک انہیں اقوام متحدہ کے منشور اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا ناقابل تنسیخ حق مل نہیں جاتا۔ یہ ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر چل کر جنوبی ایشیائ میں پائیدارامن و سلامتی اور ترقی کو یقینی بنایاجاسکتا ہے۔
٭٭٭٭٭

50/2021
Close Search Window